شلپا شیٹی فحاشی پھیلانے کے کیس سے 15 سال بعد بری
ماضی میں بولی وڈ کی ’مست گرل’ کہلائی جانے والی 47 سالہ اداکارہ شلپا شیٹی کو بھارت کی مقامی عدالت نے فحاشی کے ایک کیس سے 15 سال بعد بری کردیا۔
’پیپلز میگزین’ نے اپنی رپورٹ میں دوسرے نشریاتی اداروں کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شلپا شیٹی کو بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ایک عدالت نے جنوری کو ’فحاشی پھیلانے’ کے کیس سے بری کیا۔
شلپا شیٹی کے خلاف مذکورہ کیس 2007 سے زیر سماعت تھا اور ان پر فحاشی پھیلانے کا الزام تھا۔
شلپا شیٹی کے خلاف مذکورہ کیس اس وقت دائر کیا گیا تھا جب کہ انہیں ہولی وڈ اداکار 72 سالہ رچرڈ گیئر نے ایک تقریب کے دوران گالوں پر بوسہ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا شلپا شیٹی بھی فحش فلمیں بنانے میں ملوث رہی ہیں؟
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی مذکورہ تقریب ایڈز سے بچاؤ سے متعلق تھی، جس میں لوگوں کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی تھی کہ اگر کوئی ایڈز میں مبتلا شخص دوسرے کو بوسہ دے تو اس سے موذی مرض نہیں پھیلتا۔
تقریب کے دوران زائدالعمر رچرڈ گیئر نے خود سے کئی سال کم عمر اور اس وقت کی مقبول اور بولڈ ترین اداکارہ شلپا شیٹی کو بانہوں میں بھرتے ہوئے ان کے گالوں پر بوسہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: میرے شوہر فحش نہیں ’قابل اعتراض‘ فلمیں بناتے ہیں، شلپا شیٹی
تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد بھارت بھر میں شلپا شیٹی اور رچرڈ گیئر کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے تھے اور لوگوں نے ہولی وڈ اداکار کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
مذکورہ واقعے کے بعد رچرڈ گیئر اور شلپا شیٹی کے خلاف مختلف تھانوں میں بھارتی سماج میں فحاشی پھیلانے کے الزامات کے تحت مقدمات دائر کروائے گئے تھے، جن پر کئی سال تک سماعتیں ہوتی رہیں اور کئی کیسز میں دونوں اداکار بری بھی ہوگئے تھے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے ہولی وڈ اداکار رچرڈ گیئر کو گرفتار کرنے سمیت دیگر مقامات کو بھی خارج کردیا تھا اور اب ممبئی کی عدالت نے شلپا شیٹی کو بھی بری کردیا۔