مہوش حیات کو ’تمغہ امتیاز‘ اداکاری کی وجہ سے نہیں ملا، شمعون عباسی
معروف اداکار، مصنف، پروڈیوسر اور ہدایت کار شمعون عباسی نے کہا ہے کہ مہوش حیات کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک ’تمغہ امتیاز’ اداکاری کی وجہ سے نہیں ملا۔
مہوش حیات کو حکومت پاکستان نے 2019 میں ’تمغہ امتیاز’ کے ایوارڈ سے نوازا تھا جو کہ مختلف شخصیات کو ان کی خدمات پر دیا جاتا ہے۔
اداکارہ کو تمغہ امتیاز دیے جانے پر شمون عباسی سے قبل متعدد دیگر افراد نے بھی متنازع باتیں کی تھیں، جن پر مہوش حیات نے انہیں کرارا جواب بھی دیا تھا۔
شمعون عباسی میں حال ہی میں ’وہ والا شو’ شو میں مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دیے جانے سمیت دیگر مسائل پر کھل کر باتیں کیں اور سابق اہلیہ حمیمہ ملک اور جویریہ عباسی سمیت بہن انوشے عباسی اور بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی سے متعلق بھی باتیں کیں۔
شمعون عباسی نے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے نہ صرف نیلم منیر بلکہ ہمایوں سعید کو بھی شوبز میں متعارف کروایا۔
شمعون عباسی نے کہا کہ ہمایوں سعید ان کے ساتھ ٹیلی فلموں میں کام کرنے کے بعد ہی مشہور ہوئے اور اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، تاہم اب وہ بہت آگے نکل چکے ہیں اور انہیں اوپر پہنچنے کے بعد نیچے بھی دیکھنا چاہیے اور ان لوگوں کی مدد کریں جو ان کے ساتھ تھے مگر اب ان سے پیچھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے شمعون عباسی پی ٹی آئی میں شامل
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے بھارتی پائلٹ ابھینندن پر بنائی جانے والی ایک فلم میں کام کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے کام سے معذرت کرلی۔
اداکار نے بتایا کہ خلیل الرحمٰن قمر بھارتی پائلٹ ابھینندن پر مزاحیہ فلم بنانا چاہتے تھے۔
پروگرام کے دوران انہوں نے سابق اہلیہ حمیمہ ملک سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ وہ کچھ ماہ قبل اپینڈکس کی وجہ سے بیمار ہوگئی تھیں، جس وجہ سے تھوڑا سا پریشان ہیں اور ساتھ ہی انہیں مشورہ دیا کہ وہ اداکاری پر توجہ دیں۔
انہوں نے بہن انوشے عباسی کو بھی مشورہ دیا کہ وہ شوبز میں کیریئر بنانے کے لیے محنت کریں اور ساتھ ہی کہا کہ ان کی بہن ان کے مشورے مانتی ہیں۔
شمعون عباسی نے اپنی بیٹی عنزیلہ عباسی کو مشورہ دیا کہ وہ اداکاری چھوڑ کر گلوکاری میں قسمت آزمائیں، کیوں کہ وہ اچھی گلوکارہ ہیں۔
انہوں نے سابق اہلیہ جویریہ عباسی کو کوئی مشورہ نہیں دیا اور کہا کہ اب ان دونوں کی اتنی عمر ہو چکی ہے کہ وہ ایک دوسرے کو کوئی مشورہ نہیں دے سکتے۔
شمون عباسی نے ماہرہ خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ وہ ان کی بہت عزت کرتے ہیں، وہ محنتی اداکارہ ہیں، وہ انہیں کوئی مشورہ نہیں دینا چاہیں گے۔
اداکار نے میشا شفیع اور علی ظفر کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ گلوکارہ نے علی ظفر کا کیریئر ہی تباہ کردیا، اب جب بھی وہ کسی کنسرٹ میں پرفارم کرتے ہیں تو نعرے لگ جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: شمعون عباسی اور عائشہ عمر کی ’ڈھائی چال‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے علی ظفر کے بجائے میشا شفیع کے ساتھ بہت کام کیا ہے۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں شمعون عباسی نے مہوش حیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب شوبز میں اپنا مقام بنالیا ہے، تاہم ساتھ ہی انہیں مزید محنت کا مشورہ بھی دیا۔
شمعون عباسی میں ایک سوال پر وضاحت کی کہ مہوش حیات کو ’تمغہ امتیاز’ ان کی اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی شخصیت کی وجہ سے ملی ہے، اس لیے انہیں اداکاری پر مزید محنت کی ضرورت ہے۔
اداکار کے مطابق ایوارڈ دیے جانے کے بعد مہوش حیات سے کام نہیں کروایا جا رہا، اس لیے ان سے اداکاری بھی کروائی جانی چاہیے اور انہیں اداکاری میں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں