• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

خوشی ہے لاڑکانہ والے گھر گرانے کے خلاف ڈٹ گئے، بلاول بھٹو زرداری

شائع January 25, 2022
بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے —فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے —فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ ظالم حکومت نے غریبوں کے سر سے چھت چھین لی اور انہیں بےگھر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لاڑکانہ کے لوگ گھر گرانے کے خلاف ڈٹ گئے، ہم لاڑکانہ کے بعد کراچی اور پورے صوبے میں لوگوں کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے، غریب آدمی کے لیے زمین کو مالکانہ حق دینے سے بڑھ کر کوئی بہتر چیز نہیں ہو سکتی۔

لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قائد عوام کی جانب سے دیے گئے ملک کے آئین کے مطابق یہ ملک عوام کا ہے، عام آدمی کا اس ملک پر حق ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ وزیر اعظم اپنے گھر بنی گالا کو ریگولرائز کرانے کے بعد غریب لوگوں کے بارے میں بھی کچھ سوچیں گے، مگر افسوس ہے کہ عمران خان نے معمولی فیس دے کر اپنا گھر تو ریگولرائز کرا لیا مگر غریب کے بارے میں کچھ نہیں سوچا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

ان کا کہنا تھا کہ جب سے یہ ظالم حکومت آئی ہے، مہنگائی کے اس دور میں غریبوں کے سر سے ان کی چھتیں چھینی گئیں، غریب لوگوں کو گھر فراہم کرنے کے بجائے ان کے سروں سے سائبان چھین لیے گئے، انہیں بے گھر کیا گیا، غریبوں کے گھر مسمار کرکے ان کو چار دیواری سے محروم کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں دکھ ہوتا ہے کہ گجر نالے اور اورنگی ٹاؤن نالے کو ریگولرائز کرنے میں ہمیں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اداروں کو بحریہ ٹاؤن کو اور بنی گالا کو ریگولرائز کرنے میں کوئی مشکلات پیش نہیں آتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کے عام غریب آدمی کو اس کا حق دیا جائے، چالیس چالیس سالوں سے ایک جگہ رہنے والے لوگوں کو زمین کے مالکانہ حقوق دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی کسی جج کو، کسی سرکاری افسر کو پلاٹ دیے جانے پر اعتراض نہیں کیا، اور ہم امید کرتے ہیں کہ اب جبکہ غریب آدمی کو زمین کے مالکانہ حقوق دیے جارہے ہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ لاڑکانہ کے لوگ گھر گرانے کے خلاف ڈٹ گئے، ہم لاڑکانہ کے بعد کراچی اور پورے صوبے میں لوگوں کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے، غریب آدمی کے لیے زمین کے مالکانہ حق دینے سے بڑھ کر کوئی بہتر چیز نہیں ہو سکتی، زمین آپ کا اثاثہ ہے جس کو آپ اپنے بچوں کو منتقل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں صرف امیروں کو حقوق حاصل ہوں یا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں غریب کو حقوق حاصل ہوں، اس پر ظلم نہ ہو، اگر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا، شہید بینظیر بھٹو کا پاکستان چاہتے ہیں تو میرا ساتھ دیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، ہم آپ کو آپ کے حقوق دیں گے، عام آدمی کو ان کا حق دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ریاست کی توجہ امیر اور غریب کے درمیان فرق کو کم کرنے میں، غریب کے لیے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر، ان کے معیار زندگی کو بہتر کرنے پر، اس کو زیادہ سے زیادہ حقوق اور آسانیاں دینے پر نہیں ہوگی، ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہم سب کو مل کر غریب عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024