• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون کی 3 روزہ دورے پر پاکستان آمد

شائع January 25, 2022
مائیکل اوون کے ساتھ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی پاکستان آئے ہیں—تصویر بشکریہ عمران صدیق
مائیکل اوون کے ساتھ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی پاکستان آئے ہیں—تصویر بشکریہ عمران صدیق

برطانیہ میں فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی اور گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی) کے باضابطہ سفیر مائیکل اوون 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

اس ضمن میں جاری بیان کے مطابق مائیکل اوون گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی) کے تعاون سے پاکستان میں بین الاقوامی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

دورہ پاکستان میں مائیکل اون وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ معاون خصوصی برائے اُمور نوجوانان اور کامیاب نوجوان پروگرام کے چیئرمین، عثمان ڈار سے ملاقات کریں گے اور جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ وہ آرمی چیف سے بھی خیر سگالی ملاقات کریں گے اور بعدازاں ایوان صدر میں،صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق انگلش فٹبالر مائیکل اوون، پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر بن گئے

مائیکل اوون جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ 26 جنوری کو کراچی میں این ای ڈی فٹ بال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

بعد ازاں 26جنوریکو وہ کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے اور پاکستان کے پہلے ساکر سٹی کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اپنے اس دورے کے بارے میں مائیکل اوین نے کہا کہ 'میں پاکستان کے فٹبال کی بحالی کے سب سے بڑے پروگرام میں شرکت کرنے اور پاکستان میں فٹبال کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر بہت پرجوش اور خوش ہوں۔'

مائیکل اوون نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور 2001 میں ورلڈ پلیئر آف دی ایئر اور 1998 میں بی بی سی کی اسپورٹس پرسنالٹی آف دی ایئر رہے۔

مائیکل اوون کے دورے کے پروگرامز میں اہم ملاقاتوں کے علاوہ فٹ بال شائقین کے گڑھ، لیاری کا دورہ بھی شامل ہے۔

ساتھ ہی ساتھ مایہ ناز فٹ بالر 27 جنوری کوپاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

مائیکل اوون کے ساتھ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی پاکستان آئے ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیر اعظم کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مسائل بات چیت سے حل کرنے کی ہدایت

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سابق انگلش فٹبالر کو پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈر، لیورپول ایف سی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

پاکستان میں اسپورٹس کو اکانومی بنانا مشن ہے، عثمان ڈار

مائیکل اوون کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ یورپ سے پوری ایک ٹیم پاکستان آئی ہے اور ہمارا صرف ایک ہی مقصد پاکستان میں فٹ بال کا فروغ، چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن کے تحت کرکٹ کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا گیا جس میں اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں اسی طرح جی ایس وی روڈ ٹو یو کے کا پلان لائی ہے جس کے ساتھ مل کر پاکستان کے نوجوانوں کو موقع دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جی ایس وی اور کامیاب جوان پروگرام مل کر پاکستان کے 10 ریجنز میں ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کررہے ہیں جس کا بنیادی مقصد ہر وینیو سے 5 سے 10 بچوں کو چن کر باقاعدہ ٹرائل کیا جائے اور ان میں سے 20 بچوں کو جی ایس وی آئرلینڈ لے جایا جائے گا اور وہاں انہیں تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کی ٹریننگ پاکستان اور 3 ماہ کی آئرلینڈ میں دی جائے گی اس پر فی کس 5 ہزار پاؤنڈز کی لاگت آئے گی جس کے بعد آپ انہیں کلبز میں بھی کھیلتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں لیکن ہمارا مشن ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس کو اکانومی کو درجہ دیا جائے۔

اس موقع پر مائیکل اوون نے کہا کہ انہیں یہاں آ کر بہت خوشی ہے، ہم سب پاکستان کی صلاحیت سے واقف ہیں جہاں کھیلوں سے محبت کی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں فٹ بال کا اچھا مستقبل دیکھ رہے ہیں

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024