• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل 2022 کے آفیشل ترانے کا ٹیزر جاری

شائع January 23, 2022
عاطف اسلم پہلی بار پی ایس ایل کا ترانہ گا رہے ہیں — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل ٹوئٹر اکاؤنٹ
عاطف اسلم پہلی بار پی ایس ایل کا ترانہ گا رہے ہیں — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل ٹوئٹر اکاؤنٹ

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے۔

اس ترانے کے لیے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ موسیقار عبداللہ صدیقی نے اسے کمپوز کیا ہے۔

پی ایس ایل 2022 کے لیے یہ آفیشل ترانہ 24 جنوری کو باضابطہ طور پر ریلیز کیا جائے گا جو ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر بجایا جاتا رہے گا۔

پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ترانے کا ٹائٹل بتایا گیا جو 'آگے دیکھ' ہے جبکہ یہ بھی بتایا گیا کہ اس کا ٹیزر ٹک ٹاک پر جاری کیا ہے۔

اس ٹیزر کو آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تو جاری نہیں کیا گیا مگر سوشل میڈیا نیٹ ورک کے دیگر صارفین نے ٹک ٹاک پر جاری ٹیزر کو ٹوئٹ کیا۔

یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں شائقینِ کرکٹ کے لیے تفریح کا باعث بنے گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے جبکہ آئمہ بیگ گزشتہ ایڈیشن کے آفیشل ترانے 'گروو میرا' میں بھی فن کا جادو جگا چکی ہیں۔

پروڈیوسر عبداللہ صدیقی نے کہا کہ کہ پی ایس ایل کا ترانہ تیار کرنا کسی بھی موسیقار کے لیے ایک خواب کی مانند ہوتا ہے اور یہ اعزاز دینے پر وہ پی سی بی کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ دونوں معروف گلوکار ہیں اور اس ترانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے پر بہت فخر ہے۔

عبداللہ صدیقی نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسا ترانہ تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو کھیل کی روح کے مطابق ہو، انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس کا پہلا گانا گلوکار علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا گیا تھا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل فرسٹ کا گانا ’اب کھیل کے دکھا‘ کافی سراہا گیا تھا اور اسی وجہ سے علی ظفر کی آواز میں ہی ابتدائی تین پی ایس ایل کے گانے جاری کیے گئے۔

پی ایس ایل دوئم کا گانا ’اب کھیل جمے گا‘ جنوری 2017 میں جبکہ پی ایس ایل تھری کا گانا ’دل سے جان لگا دے‘ جنوری 2018 میں ریلیز کیا گیا اور مجموعی طور پر علی ظفر کے تینوں گانوں کو پسند کیا گیا۔

پی ایس ایل فور کا گانا ’کھیل دیوانوں کا‘ اداکار فواد خان اور ینگ دیسی بینڈ کی آواز میں جنوری 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل فائیو کا گانا ’تیار ہیں‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، ذوالفقار جبار خان اور ہارون رشید کی آواز میں جنوری 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل فائیو کے گانے کو بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ پی ایس ایل 6 کے گانے ’گروو میرا‘ پر بھی شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024