• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

شائع January 19, 2022
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

ضلع لوئر دیر کے علاقے تکورو کنڈاؤ میں واقع دیر لیویز اور پولیس اہلکاروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی زخمی ہوا۔

حملہ آوروں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ میں دیر لیویز کا کانسٹیبل اور پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو گولیاں لگی، بعدازاں دیر لیوزیز کانسٹبل قیصر شہید ہوگیا۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

شہید اہلکار کی نماز جنازہ تیمر گرہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں ڈی پی او عرفان اللہ، ڈی سی عون حیدر گوندل اور دیر ٹاسک فورس کے کرنل مصور نے شرکت کی، بعد ازاں انہیں ان کے آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع کے علاقے میر علی میں پیش آنے والے دوسرے واقعے میں ایک کانسٹیبل شہید جبکہ دو زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ پر پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار شمالی وزیرستان کے ضلع میرام شاہ میں واقع ہیڈکوارٹرز جارہے تھے اس دوران حملہ آوروں نے میر علی کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

واقعے کی نتیجے میں کانسٹیبل امین اللہ خان شہید اور دیگر دو زخمی ہوئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

شہید اہلکار کی نماز جنازہ میرام شاہ میں واقع گورنر کاٹیج میں ادا کرنے کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں بھیج دیا گیا، جہاں اسے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

دریں اثنا پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بھیڑ میں گشت کے دوران پولیس موبائل پر دستی بم کا حملہ کیا گیا، واقعے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں میر الارم، خواص خان اور فرید خان شامل ہیں، پولیس موبائل پر حملے کے دوران اہلکار معمولی زخمی ہوئے تھے۔

وزیرستان میں 2 دہشت گرد ہلاک

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے تھل میں خفیہ اطلاعات پر کیے جانے والے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت غیور اور بہاالدین کے ناموں سے ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملے، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024