سام سنگ کا گلیکسی ایس 21 ایف ای اب پاکستان میں دستیاب
سام سنگ نے 2022 کے آغاز سستا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 ایف ای کو متعارف کرایا تھا اور اب یہ پاکستان میں دستیاب ہے۔
پاکستان میں یہ فون فی الحال پری بکنگ میں پیش کیا گیا اور چند دنوں بعد عام مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوگا۔
گلیکسی ایس 21 ایف ای 5 جی میں 6.4 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 240 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فون میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر دیا گیا ہے اور جیسا نام سے ظاہر ہے 5 جی نیٹ ورک سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔
یہ نیا فون گلیکسی ایس 20 ایف ای کے مقابلے میں زیادہ پتلا اور ہلکا ہے اور کمپنی کے مطابق کاؤنٹر کٹ ڈیزائن سے لیس ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ بیک پر کیمرا سیٹ اپ خوبصورتی سے ڈیوائس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس فون میں 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن پاکستان میں دستیاب ہیں۔
ڈیوائس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے بارے میں سام سنگ نے وعدہ کیا ہے کہ ایک چارج پر بیٹری 2 دن تک کام کرسکے گی۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
اس سیٹ اپ میں 12 میگا پکسل مین کیمرا (او آئی ایس کے ساتھ)، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا 3 ایکس زوم کے ساتھ موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق فون کے کیمروں کے لیے متعدد شوٹنگ موڈز دیئے گئے ہیں بالخصوص نائٹ موڈ ملٹی فریم سنگل امیج میں 14 تصاویر لے سکتا ہے۔
اسی طرح ملٹی کیمرا ریکارڈنگ سے فرنٹ اور بیک کیمروں کو ایک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح آبجیکٹ اریزر نامی فیچر پکسل 6 سیریز کے میجک اریزر کی طرح کام کرتا ہے تاکہ تصاویر سے جس چیز کو چاہیں نکال دیں۔
یہ فون پاکستان میں 4 رنگوں وائٹ، گرافیٹ، لیونڈر اور نیو اولیو میں پیش کیا گیا ہے۔
اس کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1 ایک لاکھ 38 ہزار 500 روپے اور 256 جی بی والا فون ایک لاکھ 45 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ پری بکنگ کے ساتھ ایک خصوصی تحفہ بھی دیا جائے گا۔