• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

این سی او سی اجلاس، ملک میں نئی کورونا پابندیاں نافذ

شائع January 15, 2022
این سی او سی نے 17 جنوری کو صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا---فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
این سی او سی نے 17 جنوری کو صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا---فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) تجویز کرنے کے لیے17 جنوری کو صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی خدمات فراہم کرنے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 28 اگست کے بعد ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ

بیان میں کہا گیا کہ ملک میں خاص طور پر شہری مراکز میں کورونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تناظر میں وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، بیماری کے پھیلاؤ اور تجویز کردہ ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں موجودہ ایس او پیز کا جائزہ لیتے ہوئے 17 جنوری 2022 کو صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس طلب کیا گیا تاکہ نئے ایس او پیز تجویز کی جائیں، جس میں تعلیم کے شعبے، عوامی اجتماعات، شادی کی تقریبات، انڈور اور آؤٹ ڈور کھانے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر توجہ دی جائے۔

این سی او سی نے 17 جنوری 2022 سے ہوائی سفر میں کھانے اور ناشتے پر مکمل پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) سے کہا ہے کہ وہ پرواز کے اندر ماسک پہننے کو یقینی بنائے اور تمام ہوائی اڈوں پر کورونا ایس او پیز کو بھی نافذ کرے۔

این سی او سی نے بیان میں کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھانے اور ناشتے کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 4 ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ گزشتہ روز کے 3 ہزار 571 کیسز سے 20 فیصد زیادہ ہیں۔

آج ریکارڈ کیے گئے کیسز کی تعداد 28 اگست کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ ہے جب 4 ہزار 467 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

ملک میں عالمی وبا کے مثبت کیسز کی شرح 8.2 فیصد ہوچکی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ’اومیکرون‘ کیسز میں اضافے کے باوجود اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ

پاکستان میں کورونا سے مزید 2 ہزار 598 افراد صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 26 ہزار 305 ہوگئی۔

ملک میں کورونا سے متاثر ہو کر تشویشناک حال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 709 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایس او پیز پر عمل درآمد میں سختی برتنے کا فیصلہ کیا لیکن تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھتے ہوئے اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024