• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’اومیکرون‘ سے صحت یابی کے بعد ماہرہ خان نے انداز بدل دیا

شائع January 15, 2022
اداکارہ نے ہیئر اسٹائل تبدیل کرا دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ہیئر اسٹائل تبدیل کرا دیا—فوٹو: انسٹاگرام

’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘ سے صحت یاب ہونے کے بعد اپنا ہیئر اسٹائل اور انداز ہی تبدیل کردیا۔

ماہرہ خان نے 14 جنوری کو انسٹاگرام پر اپنے نئے انداز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ ’اومیکرون‘ کا شکار ہوگئی تھیں لیکن اب وہ صحت یاب ہو چکی ہیں۔

اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ وہ کب ’اومیکرون‘ میں مبتلا ہوئی تھیں، تاہم بتایا کہ صحت یابی کے بعد وہ جب اپنا ہیئر اسٹائل تبدیل کروانے گئیں تو انہوں نے بالوں کو رنگ کروانے کے بجائے انہیں چھوٹا کروایا۔

ماہرہ خان نے لکھا کہ زمانہ طالب علمی سے لے کر اب تک انہوں نے کبھی بھی اپنے بال نہیں کٹوائے تھے اور نہ ہی ان کا رنگ تبدیل کیا تھا مگر کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد وہ بالوں پر ’ہرا‘ رنگ کرنا چاہتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے اسرار کے باوجود ہیئر اسٹائلسٹ نے ان کے بالوں کا رنگ گرین نہیں کیا اور انہیں چھوٹا کرکے اسٹائلش کردیا۔

ماہرہ خان کے مطابق جب وہ چھوٹے بالوں کے ساتھ گھر پہنچیں تو ان کی والدہ بھی انہیں دیکھ کر حیران رہ گئیں جب کہ وہ بھی اپنے نئے انداز پر خوش ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ یہ نہیں جانتیں کہ انہوں نے اپنا ہیئر اسٹائل کیوں تبدیل کیا؟ کیا یہ دو مرتبہ کورونا کا شکار ہوکر صحت یاب ہونے کی وجہ سے ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ ساری باتیں خدا جانتاہے مگر انہیں ہیئر اسٹائل اور انداز تبدیل کرکے اچھا محسوس ہو رہا ہے۔

ماہرہ خان کے نئے انداز کو کافی شوبز شخصیات نے سراہا جب کہ مداحوں نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پہلے سے زیادہ پرکشش دکھائی دے رہی ہیں۔

’اومیکرون‘ کا شکار ہونے سے قبل دسمبر 2020 میں بھی ماہرہ خان کورونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں اور چند ہفتوں تک گھر میں ہی قرنطینہ رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں ملک میں ویکسینیشن شروع ہوتے ہی ماہرہ خان نے کورونا سے تحفظ کی ویکسین بھی لگوائی تھی۔

ماہرہ خان کی طرح دیگر شوبز شخصیات اور عام افراد بھی ویکسینیشن کے بعد بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کی شدت پہلےجتنی زیادہ نہیں رہتی اور مریض کو ہسپتال میں داخل کرانے کی نوبت بھی نہیں آتی۔

حالیہ دنوں میں پاکستان کو کورونا کی پانچویں لہر کا سامنا ہے اور دیگر ممالک کی طرح ملک میں بھی ’اومیکرون‘ کا پھیلاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرہ خان کے نئے ہیئر اسٹائل کو پسند کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
ماہرہ خان کے نئے ہیئر اسٹائل کو پسند کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024