• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بنوں: فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک سپاہی شہید

شائع January 14, 2022
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے جانی خیل میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی--فائل/فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے جانی خیل میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی--فائل/فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں کے علاقے جانی خیل میں 13 اور 14 جنوری کی درمیانی رات کو دہشت گردوں نے ایک فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں جوابی کارروائی شروع کی اور دہشت گردوں سے اسی جگہ پر مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہاڑی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی سرفراز علی شہید ہوگئے۔

قبل ازیں 5 جنوری کو ڈیرہ اسمٰعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی جہاں 2 دہشت ہلاک اور 3 گرفتار ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے گاؤں کوٹ کلی میں کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیا اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز ڈیوائسز اور راکٹوں سمیت بڑے پیمانے میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران کرک سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ سپاہی فریداللہ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی شعیب نے بہادری کا مظاہرہ اور لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 4 جوان شہید

خیال رہے 31 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے نام سے ہوئی تھی اور دہشت گردوں کے پاس سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا، آپریشن میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلےمیں پاک فوج کا سپاہی شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے حوالدار منور، لکی مروت کے رہائشی سپاہی ذکااللہ، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی فرحان اور ایبٹ آباد کے رہائشی سپاہی شیراز شامل تھے۔

اس سے قبل 25 دسمبر کو ضلع شمالی وزیرستان کےعلاقے شیوا میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ دہشت گردو سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 32 سالہ نائیک نور مرجان شہید ہوگئے، جن کا تعلق کرم سے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024