• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وزیراعظم کے خلاف نہیں ہوں، پرویز خٹک

شائع January 13, 2022
ناراض ہوکر نہیں ، بریک کی اجازت لے کر اجلاس سے باہر گیا تھا—فائل فوٹو ڈان نیوز
ناراض ہوکر نہیں ، بریک کی اجازت لے کر اجلاس سے باہر گیا تھا—فائل فوٹو ڈان نیوز

وزیردفاع پرویزخٹک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تلخ کلامی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے اختلاف نہیں اور ان کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی اجلاس کے بعد اجلاس سے ناراض ہو کر چلے جانے سے متعلق صحافی کے سوال پر پرویزخٹک نے کہا کہ میں اجلاس سے ناراض ہو کر نہیں گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں متنازع منی بجٹ پر ووٹنگ جاری

انہوں نے کہا کہ میں اجلاس سے ناراض ہوکر نہیں گیا بلکہ میں بریک کی اجازت لے کر کچھ دیر کے لیے اجلاس سے باہر گیا تھا۔

اجلاس میں تلخ کلامی سے متعلق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کسی وزیر سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، میں نے صرف اپنے حق کے لیے بات کی تھی، میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف نہیں، عمران خان میرے لیڈر ہیں۔

پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ میں ٹی وی دیکھ کر حیران رہ گیا، ایک طوفان برپا تھا، ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے میں نے پتہ نہیں کیا کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے صرف حماد اظہر سے گیس کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق بات کی تھی، کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، میں وزیراعظم کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

وزیردفاع نے کہا کہ میڈیا اس طرح کی بے بنیاد خبریں نہ چلائے، اجلاس میں صرف گیس کے جاری منصوبوں سے متعلق بات کی اور کہا کہ ہمارے صوبے کی گیس نہ روکی جائے، خیبرپختونخواہ گیس پیدا کرتا ہے اور اس لیے اس کا گیس پر پہلا حق بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس میں ووٹ نہ دینے سے متعلق کوئی بات نہیں کی، میں نے کوئی سخت بات نہیں بلکہ صرف درخواست کی ہے کہ ہماری گیس کی اسکیمیں چلنی چاہئیں، میں نے پارٹی اجلاس میں کچھ باتیں کی ہیں مگر میں وزیراعظم کے خلاف نہیں ہوں، وہ ہمارے لیڈر ہیں اور ان کے خلاف کوئی نہیں جا سکتا۔

مزید پڑھیں: پرویز خٹک اور حماد اظہار کے درمیان تلخ کلامی کی اندرونی کہانی

دوسری جانب میڈیا پر چلنے والی خبروں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہنا تھا کہ چند چینلز پر پرویز خٹک صاحب کی بات چیت کے بارے میں غلط خبر چلائی جا رہی ہے، ابھی جب کچھ دیر میں فنانس بل پاس ہو جائے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، اور یہ تمام جھوٹی خبریں بھی فوت ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خٹک صاحب اس وقت بھی وزیراعظم چیمبر میں موجود ہیں۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے حصے میں پھر ناکامی اور نامرادی ہوگی، اپوزیشن ایک بار پھر خوار ہوگی، عمران خان کبھی ہار ماننے والا نہیں، ہر میدان میں ان چوروں کو ہرائے گا اور مافیا سے بلیک میل نہیں ہوگا۔

وزیراعظم اور پرویز خٹک کے درمیان مبینہ تلخ کلامی، میڈیا رپورٹس

قبل ازیں میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے رپورٹس تھیں کہ وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور پرویز خٹک آمنے سامنے آگئے اور وزیردفاع نے وزیراعظم پر تنقید کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس، بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

اجلاس کے حوالے سے کہا گیا کہ پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں ہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا حکومتی اتحادیوں سے متنازع مالیاتی بل کی مخالفت کا مطالبہ

میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پرویز خٹک تین دفعہ اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور شوکت ترین اور حماد اظہر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ حماد اظہر کو گیس اور بجلی کے مسائل کا علم ہی نہیں، شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکا۔

وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بلیک میل نہ کرو، ووٹ نہیں دینا تو نہ دیں، میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں، مجھے حکومت کرنے کا کوئی شوق نہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں اراکین نے گیس سے متعلق سوالات کیے اور اراکین کو سوالات پر مطمئن کرنے میں کامیاب رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ ملک میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے، باہر سے گیس منگوا کر گھریلو ضروریات پوری کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں منی بجٹ کی منظوری کے لیے اجلاس ہورہا ہے جہاں شرکت سے قبل حکمران جماعت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعطم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جہاں پی ٹی آئی کے ارکین اسمبلی نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024