امید ہے اکثر آسٹریلین کرکٹرز پاکستان کا دورہ کریں گے، پیٹ کمنز
آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے رواں برس آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے کہ آسٹریلین ٹیسٹ اسکواڈ کے اکثر کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز رواں سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی اور آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کا آغاز 3مارچ سے ہونے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کا 1998 کے بعد پہلے دورۂ پاکستان کا اعلان
دورہ پاکستان کے حوالے سے اب تک کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کی رائے نہیں لی تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ کھلاڑی دورے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار ہیں۔
یہ 1998 کے بعد آسٹریلین ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا اور اس دورے پر دی جانے والے فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو ابتدائی برییفنگ دی جا چکی ہے۔
پیٹ کمنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ کام ہونا باقی ہے لیکن ابھی تک چیزیں بہت مثبت لگ رہی ہے، پی سی بی نے اس حوالے سے بہت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اگر تمام نہیں تو اکثر کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے، اگر کچھ کھلاڑیوں کو دورے کے حوالے سے فیصلہ لینا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں تاہم ابھی اس حوالے سے مزید معلومات اکٹھا کر کے حتمی فیصلہ کرنا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب سمجھ آیا کہ آسٹریلیا کو دنیائے کرکٹ کی سپر پاور کیوں کہا جاتا ہے؟
فروری میں آسٹریلین اسکواڈ ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں میں تقسیم ہو جائے گا جس پر پیٹ کمنز نے تحفظات کا اظہار کیا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہو گا۔
آسٹریلین ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ کووڈ کو دوسال گزرنے کی وجہ سے ہم کافی کچھ سیکھ چکے ہیں، یہ غیرمعمولی حالات ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔