• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نیپرا نے 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کردی

شائع January 13, 2022
نیپرا نے گزشتہ ماہ بھی بجلی مہنگی کرنے کی اجازت دی تھی---فائل/فوٹو: اے ایف پی
نیپرا نے گزشتہ ماہ بھی بجلی مہنگی کرنے کی اجازت دی تھی---فائل/فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نومبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی تاہم اس کا اطلاق کے-الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، اضافی وصولی جنوری 2022 کے بلوں میں کی جائے گی اور بلوں میں اس اضافے کو الگ ظاہر کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بجلی کے نرخ میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا-

قبل ازیں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو اب جاری کردیا گیا۔

یاد رہے کہ نیپرا نے اس سے قبل اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی۔

نیپرا کے کیس افسران نے نشاندہی کی تھی کہ ایل این جی کی قلت کی وجہ سے ایک ارب 69 کروڑ روپے اور معاشی میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی پر ایک ارب 77 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

سی پی پی اے کے نمائندے نے وضاحت کی تھی کہ بجلی کی کمپنیوں نے اکتوبر کے لیے 70 کروڑ مربع فٹ یومیہ کا مطالبہ کیا تھا لیکن مجموعی طور ہر 606 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی گئی۔

نیپرا عہدیداروں نے کہا تھا کہ اکتوبر کے لیے حوالہ جاتی قیمت میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 0.2 فیصد رہنے کا تخمینہ تھا لیکن وہ 11 فیصد رہی اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار 25 فیصد رہنے کا تخمینہ تھا جو کوئلے سے چلنے والے کچھ بجلی گھروں بشمول حب پاور کی 6 ماہ سے زائد تک بندش کی وجہ 15 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 7 پیسے فی یونٹ مہنگی

بعدازاں نیپرا نے نے اکتوبر2021 کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ ایک روپے 7 پیسے مہنگی کردی تھی اور اس اضافے سے کراچی کے صارفین پر ایک ارب 91 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

نیپرا نے اس سے قبل ماہ ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک ماہ کے لیے بجلی 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی، جس کے نتیجے میں صارفین پر دسمبر کے بجلی کے بلوں میں 7 ارب روپے اضافی ادا کرنا پڑا۔

اس سے چند روز قبل ہی نیپرا نے کے-الیکٹرک کو اکتوبر میں استعمال شدہ بجلی پر 1.08 روپے فی یونٹ ایندھن کی اضافی لاگت وصول کرنے کی اجازت دے دی تھی، اس اضافے سے کے-الیکٹرک کے صارفین پر 2 ارب 46 کروڑ روپے کا بوجھ پڑنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

کے-الیکٹرک نے نیپرا کو جولائی سے ستمبر کے لیے 5 روپے 18 پیسے اور نومبر کے لیے 32 پیسے اضافے کی درخواست بھی دی تھی، جس پر نیپرا نے کے-الیکٹرک کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی اور نومبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی دو مختلف درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024