• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

حریم شاہ کے خلاف ’منی لانڈرنگ‘ کے بعد ’سائبر کرائم‘ کی تفتیش شروع

شائع January 13, 2022
حریم شاہ کی ویڈیو کے بعد ان کے خلاف تفتیش شروع کی گئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حریم شاہ کی ویڈیو کے بعد ان کے خلاف تفتیش شروع کی گئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم برانچ نے بھی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف ملک اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے تحت تفتیش کا آغاز کردیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے اپنی ٹوئٹس اور انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حریم شاہ کی جانب سے ویڈیو میں منی لانڈرنگ کا اعتراف کرنے اور پھر اس ویڈیو کو مذاق کرنے کی دوسری ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔

عمران ریاض کے مطابق حریم شاہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا گیا جب کہ ان کے خلاف پاکستان اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کا کیس رجسٹرڈ کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حریم شاہ کی جانب سے منی لانڈرنگ کا اعتراف اور پھر مذکورہ ویڈیو کو مزاحیہ ویڈیو قرار دینے کی دوسری ویڈیو بناکر ملک اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنا اور ان کے کام میں خلل ڈالنا سائبر قوانین کے تحت منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سائبر کرائم کراچی برانچ میں ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جواز پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ شب ایف آئی اے سندھ نے حریم شاہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش شروع کردی تھی۔

ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ حریم شاہ کے ویزے، امیگریشن اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر لی گئیں اور ان کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے اعلان کے بعد حریم شاہ نے اپنی وضاحتی ویڈیو جاری کی تھی اور بتایا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے بھاری غیر ملکی کرنسی کے ساتھ برطانیہ منتقل ہونے کی بات مذاق میں کی تھی اور وہ کوئی غیر ملکی پیسے لے کر پاکستان سے منتقل نہیں ہوئیں۔

ٹک ٹاکر نے بتایا تھا کہ انہیں منی لانڈرنگ سے متعلق کوئی علم نہیں، انہوں نے کبھی ایسا کام نہیں کیا اور اگر وہ ایسا کوئی غیر قانونی کام کرتیں تو اس کی ویڈیو کیوں بناتیں؟

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیو میں نظرآنے ہزاروں پاؤنڈز برطانیہ میں موجود ایک شخص کے تھے، جنہیں وہ بھائی کہتی ہیں اور جب وہ بھائی کے دفتر آئیں تو پیسوں کے ساتھ انہوں نے ویڈیو بناکر اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز حریم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں وہ ہزاروں پاؤنڈز کے ساتھ کسی کمرے میں موجود تھیں اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھاری غیر ملکی کرنسی کو پاکستان سے برطانیہ لے کر آئیں مگر انہیں کسی نے نہیں روکا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024