• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہولی وڈ اداکار جیسن ممووا اور لیزا بونت میں 17 سال بعد علیحدگی

شائع January 13, 2022
اداکار اپنی اہلیہ سے 12 سال کم عمر ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اداکار اپنی اہلیہ سے 12 سال کم عمر ہیں—فائل فوٹو: اے پی

’ڈان آف جسٹس، جسٹس لیگ اور ایکوامین‘ جیسی سائنس فکشن اور فنٹیسی فلموں کے اداکار 42 سالہ جیسن ممووا اور ان کی 54 سالہ اہلیہ اداکارہ لیزا بونت کے درمیان 17 سال بعد علیحدگی ہوگئی۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق دونوں اداکاروں نے 12 جنوری کو مشترکہ بیان میں علیحدگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ دونوں ایک دوسرے سے آزاد ہوگئے۔

دونوں اداکاروں نے علیحدگی سے متعلق انسٹاگرام پر پوسٹ بھی کی اور لکھا کہ دونوں احترام اور عزت کے ساتھ تعلق کو ختم کر رہے ہیں اور وہ مشترکہ طور پر بچوں کی دیکھ بھال کریں گے۔

دونوں نے اگرچہ علیحدگی کی تصدیق کردی، تاہم واضح طور پر نہیں بتایا کہ دونوں کے درمیان کیا اختلافات تھے اور کیا دونوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا یا پھر ان کے درمیان طلاق کے معاملات بھی طے پاگئے؟

انہوں نے اپنے بیان میں طلاق کا لفظ یا اس سے متعلق کوئی بات نہیں کی، البتہ ایک دوسرے سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھین: زمین کے شیطانوں سے لڑتے سمندر کے بادشاہ جیسن مموا کا دنیا میں راج

دونوں نے 2017 میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ ایک ساتھ گزارنے کے بعد شادی کی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔

جوڑے کے درمیان 2004 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش 2007 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2008 میں ہوئی تھی۔

لیزا بونت نے جیسن مموا سے دوسری شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
لیزا بونت نے جیسن مموا سے دوسری شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

بچوں کی پیدائش کے تقریبا 10 سال بعد دونوں نے 2017 میں قانونی طور پر شادی کی مگر ان کی شادی تعلقات سے بھی کم عرصہ چلی اور اب دونوں نے علیحدگی کی تصدیق کردی۔

دونوں کی عمر میں تقریبا 12 سال کا فرق ہے، جیسن ممووا اپنی اہلیہ سے کم عمر تھے۔

لیزا بونت نے جیسن ممووا سے قبل نوجوانی اور کیریئر کے آغاز میں 1987 میں گلوکار لینی کراوتز سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک 33 سالہ بیٹی زوئے کراوت بھی ہیں جو اس وقت شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

لیزا بونت کی پہلی طلاق 1993 میں ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے 2004 میں جیسن ممووا سے تعلقات استوار کیے اور 2017 میں شادی کی مگر اب ان سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔

لیزا بونت کی پہلے شوہر سے 33 سالہ بیٹی زوئے کراوت بھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
لیزا بونت کی پہلے شوہر سے 33 سالہ بیٹی زوئے کراوت بھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024