• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

لتا منگیشکر’نمونیا‘ کے بعد کورونا کا شکار

شائع January 12, 2022
اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کی ’کوئل‘ کہلائی جانے والی لیجنڈری گلوکارہ 92 سالہ لتا منگیشکر کو ’نمونیا‘ بخار کے بعد کورونا کا شکار ہونے کے بعد انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق لتا منگیشکر کو 8 جنوری کو ممبئی کے نجی ہسپتال کے کورونا آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا مگر اہل خانہ نے 11 جنوری کو لیجنڈری گلوکارہ کو ہسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی۔

گلوکارہ کی بھانجی رچنا شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ مقبول گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے مگر زائدالعمری کی وجہ سے اسے کچھ دنوں تک ہسپتال میں رکھا جائے گا۔

گلوکارہ کے اہل خانہ نے ڈاکٹرز اور دیگر صحت کے رضاکاروں کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ہسپتال میں لتا منگیشکر کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔

لیجنڈری گلوکارہ کو آئی سی یو میں داخل کرائے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارت کی شوبز شخصیات نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

جب کہ گلوکارہ کی بہن اشا منگیشکر نے 12 جنوری کو بڑی بہن کی صحت سے متعلق بتایا کہ انہیں کئی دن تک آئی سی یو اور ہسپتال میں رکھے جانے کا امکان ہے۔

’انڈیا ڈاٹ کام‘ کے مطابق اشا منگیشکر نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ کے کسی بھی شخص کو لتا سے ملنے نہیں دیا جا رہا، کیوں کہ وہ کورونا کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں، تاہم بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق گلوکارہ کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

لتا منگیشکر کی بہن کے مطابق ڈاکٹرز نے عندیہ دیا ہے کہ زائدالعمری کی وجہ سے گلوکارہ کو کافی دن تک آئی سی یو اور ہسپتال میں رہنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر کو ابتدائی طور پر ’نمونیا‘ بخار ہوا تھا، جس کے بعد وہ کورونا میں مبتلا ہوئیں۔

زائد العمری اور بخار کی وجہ سے ان میں شدید علامات ظاہر ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔

لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے، وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔

لتا منگیشکر کے پاس مختلف زبانوں میں 25 ہزار سے زائد گیت گانے کا عالمی ریکارڈ بھی ہے، انہیں بھارت کی نسلوں کی گلوکارہ کے طور پر بھی پہچانا جاتا ہے۔

لتا منگیشکر نے اپنے کیرئیر کی شروعات تقسیم ہند سے قبل 1943 میں 13 سال کی عمر سے کی تھی جس کے بعد ان کا شمار ہندی سنیما کی بہترین گلوکاراؤں میں کیا جانے لگا۔

لتا منگیشکر نے اپنے کیرئیر میں 36 مختلف زبانوں میں 1 ہزار سے زائد گانے گائیں ہیں، انہوں نے سب سے زيادہ گیت ہندی، مراٹھی اور بنگالی زبان میں گائے ہیں۔

لتا نے بولی وڈ کی متعدد اداکاراوں کو اپنی آواز دی ہیں جس میں ایشوریا رائے، مادھوری، کاجول، اور رانی مکھرجی شامل ہیں۔

ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پید اہونے والی لتا منگیشکر کو ان کی گلوکاری کے عوض بھارت کے بڑے سول ایوارڈز سمیت انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024