• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میرا ایمان ہے عمران خان دوسری مدت کے لیے منتخب ہوں گے، عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

شائع January 11, 2022
مجھے امید ہے ملک میں تبدیلی آکر رہے گی، گلوکار—اسکرین شاٹ
مجھے امید ہے ملک میں تبدیلی آکر رہے گی، گلوکار—اسکرین شاٹ

ملک کے معروف لوک اور عوامی گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ ان کا ایمان ہے اور انہیں مکمل یقین ہے کہ عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوں گے۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی حال ہی میں نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے سیاست اور گلوکاری سمیت نجی زندگی اور اپنی صحت سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

گلوکار نے بتایا کہ اگرچہ وہ زائدالعمری کی وجہ سے کمزور ہوچکے ہیں، تاہم ان سے متعلق پھیلنے والی زیادہ تر خبریں غلط ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ لاہور چھوڑ کر آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گئے ہیں، کیوں کہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض پھیل رہے تھے۔

عمران خان کو جب گانے سننے ہوتے ہیں تو بلاتے ہیں، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک
عمران خان کو جب گانے سننے ہوتے ہیں تو بلاتے ہیں، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق وہ میاں والی میں زیادہ تر دریائے سندھ کے کنارے وقت گزارتے ہیں، جہاں ان کی جوانی زیرو میٹر ہوجاتی ہے اور انہیں سکون و فرحت محسوس ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نامور گلوکار نے بتایا کہ وہ بچپن میں ہی گلوکاری کیا کرتے تھے اور اسکول میں اسمبلی کے دوران اچھے طریقے سے ترانہ، دعائیں اور کلام اقبال پڑھا کرتے تھے اور میٹرک کے بعد انہوں نے گلوکاری شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر پریشان

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ انہیں میٹرک میں ایک استاد نے گلوکاری کرتے دیکھا تو انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مشورہ دیا کہ وہ کبھی بھی گیت گانے کو نہ چھوڑیں، جس وجہ سے ہی وہ گلوکار بنے۔

گلوکار کے مطابق وہ پٹھان ہیں، انہیں جوانی میں جس خاتون سے عشق تھا، ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی اور گلوکاری کرنے کی وجہ سے قبیلے والوں نے انہیں رشتہ بھی نہیں دیا، انہوں نے دوسری جگہ سے شادی کی۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق ان کے پٹھان قبیلے میں پچاس سال قبل گلوکاری کا کوئی نظریہ ہی نہیں تھا، انہیں شدید مخالفت برداشت کرنی پڑی۔

توقع سے زیادہ محبت اور عزت ملی، گلوکار—اسکرین شاٹ
توقع سے زیادہ محبت اور عزت ملی، گلوکار—اسکرین شاٹ

ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے بڑے صاحبزادے سانول امریکا میں ہیں جب کہ ان کی بیٹی لاریب بھی امریکا میں ہیں اور وہ ہولی وڈ فلموں میں اینیمیشن اور ایفیکٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی ہیں جب کہ ان کے ایک بیٹے بی بی سی میں ملازمت کرتے ہیں۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق جب ان کی بیٹی لاریب عطاء کی محنت پر ان کی فلم کو ’آسکر‘ ایوارڈ ملا تو پاکستان میں کہا گیا کہ انہیں سفارش پر ایوارڈ ملا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ’آسکر‘ میں ان کا کوئی جاننے والا نہیں۔

مزید پڑھیں: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی ایک مرتبہ پھر اپنی موت کی خبروں کی تردید

پروگرام میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یوٹیوب پر موجود ان کے گانوں کی رائلٹی نہیں ملتی، ان سے زیادہ دوسرے لوگ ان کے گانوں سے پیسے کما رہے ہیں، البتہ اب ان کے بیٹے سانول ان کے گانوں کی رائلٹی پر کام کریں گے۔

لوک گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کے گائے ہوئے گانوں کو وقت کے حساب سے نئے انداز میں دوبارہ گانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ نئی نسل کی اپنی پسند ہے، وہ انہیں کم سنتی ہے۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق انہیں پچاس سال تک لوگوں نے گلوکاری میں برداشت کیا اور انہیں ان کی توقعات سے زیادہ محبت اور عزت ملی۔

انہوں نے میڈم نورجہاں کے ساتھ گلوکاری کرنے کے واقعے کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جب ملکہ ترنم کے ساتھ فلم میں گلوکاری کرنے کا موقع ملا تو انہوں نے میڈم کے ساتھ گانا ریکارڈ کروانے کی جرأت نہ کی اور ملکہ ترنم سے عرض کی کہ وہ ان کے ساتھ یا ان سے پہلے گانا ریکارڈ نہیں کروا سکتے، البتہ وہ ان کے بعد اپنا حصہ ریکارڈ کروائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں نئی نسل اپنے سینئیرز کی اس طرح عزت نہیں کرتی، جس طرح کے احترام کے سینیئرز حقدار ہیں۔

لوگوں نے پچاس سال سے برداشت کیا ہوا ہے، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک
لوگوں نے پچاس سال سے برداشت کیا ہوا ہے، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے موسیقی پر بات کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ اب کوئی بھی ٹی وی چینل اور یہاں تک کے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) بھی موسیقی کے لیے کوئی خصوصی اقدامات نہیں اٹھا رہا۔

سیاست پر بات کرتے ہوئے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی، ابھی عمران خان کو محض تین سال ہوئے ہیں اور اتنی کم مدت میں تو کوئی درخت بھی پھل نہیں دیتا۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید کچھ وقت دیا جانا چاہیے اور انہیں یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی آکر رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر وضاحت

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے اور ان کا ایمان ہے کہ عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوگا، کیوں کہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے ہیں، وہ اچھے شخص ہیں۔

انہوں نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ کو اپنا دل دے چکے ہیں۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کہنا تھا کہ ان کا جب بھی دل چاہتا ہے وہ عمران خان سے ملنے چلے جایا کرتے ہیں اور جب بھی وزیر اعظم کا دل گانے سننے کے لیے بیتاب ہوتا ہے تو انہیں بلالیتے ہیں۔

تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید وقت دیا جانا چاہیے، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک
تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید وقت دیا جانا چاہیے، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024