• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ہمایوں سعید کے بجائے فواد خان کو ’دی کراؤن‘ کیلئے کاسٹ کیا جاتا، سکینہ سموں

شائع January 11, 2022
سینیئر اداکارہ کے مطابق فواد خان کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
سینیئر اداکارہ کے مطابق فواد خان کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

سینیئر اداکارہ سکینہ سموں نے ہمایوں سعید کو ’نیٹ فلیکس‘ کی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹر کے کردار کے لیے فواد خان کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا۔

دو روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ نیٹ فلیکس نے ہمایوں سعید کو برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کے لیے کاسٹ کیا ہے۔

مذکورہ خبر ڈان میگزین کے ایڈیٹر حسن زیدی نے ٹوئٹ کے ذریعے دی تھی،جس کے بعد ماہرہ خان سمیت دیگر شوبز شخصیات نے ہمایوں سعید کو ٹوئٹس میں مینشن کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

اگرچہ تاحال ہمایوں سعید اور نیٹ فلیکس سمیت ’دی کراؤن‘ کی ٹیم نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی، تاہم پاکستانی شوبز شخصیات کی جانب سے ہمایوں سعید کو مبارک باد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سکینہ سموں نے اپنے کمنٹس ڈیلیٹ کردیے—اسکرین شاٹ
سکینہ سموں نے اپنے کمنٹس ڈیلیٹ کردیے—اسکرین شاٹ

جہاں ہمایوں سعید کو مبارک باد پیش کی جا رہی ہے، وہیں سینیئر اداکارہ سکینہ سموں انہیں کاسٹ کیے جانے پر ناراض دکھائی دیں اور کہا کہ ان کے بجائے فواد خان کو کاسٹ کیا جاتا۔

سکینہ سموں نے حسن زیدی کی ٹوئٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

’ایکسپریس ٹربیون‘ کے مطابق سکینہ سموں نے حسن زیدی کی ٹوئٹ پر کیے گئے کمنٹس کو ڈیلیٹ کردیا، جس میں انہوں نے ہمایوں سعید کے بجائے فواد خان کو کاسٹ کرنے کی بات کی تھی۔

سکینہ سموں نے ڈیلیٹ کردہ کمنٹس میں دلیل دی تھی کہ ہمایوں سعید اگرچہ آج کل پاکستانی ڈاکٹر حسنات کی طرح دکھتے ہیں، تاہم ویب سیریز میں 1990 کا زمانہ دکھایا جائے گا، جس کے لیے پاکستانی ڈاکٹر کے کردار کے لیے فواد خان کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا خیال ہے کہ فواد خان کو ہی کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا اور ساتھ ہی انہوں نےنیٹ فلیکس سے سوال کیا کہ انہوں نے کیوں ہمایوں سعید کو منتخب کیا؟

اسی طرح انہوں نے حسن زیدی کی ٹوئٹ پر ہی کمنٹ کرنے والی ایک خاتون کو جواب دیا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ہمایوں سعید کو جمائما گولڈ اسمتھ کے کہنے پر کاسٹ کیا گیا ہوگا۔

سکینہ سموں نے خاتون کوجواب دیتے ہوئے لکھا کہ نیٹ فلیکس والوں نے ہمایوں سعید کے ساتھ دوسرے چار اداکاروں کا آڈیشن لیا ہوگا اور یہ ایک سادہ سا عمل ہے، البتہ وہ خود ایک پاکستانی خاندان کے گرد گھومتی کہانی کی فلم بنا رہی ہیں، جس میں شبانہ اعظمی بھی شامل ہیں، وہاں انہوں نے ایسا کیا ہوگا۔

سکینہ سموں نے مذکورہ جواب خاتون کے اس سوال پر دیا، جس میں خاتون نے ہمایوں سعید کی ’دی کراؤن‘ کاسٹ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےسوال کیا تھا کہ شاید پاکستانی اداکار کو جمائما خان نے ہی کاسٹ کروایا ہو، کیوں کہ وہ ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی کہانی لکھنے والی ٹیم کا حصہ رہی ہیں۔

ہمایوں سعید کی نیٹ فلیکس کی پہلی اوریجنل سیریز میں کاسٹ پر جہاں عام افراد میں بحث جاری ہے، وہیں شوبز شخصیات بھی اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر ہمایوں سعید کو شوبز شخصیات کی مبارک باد

ابھی یہ واضح نہیں ہےکہ ہمایوں سعید کب شوٹنگ کا حصہ بنیں گے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس حوالے سے جلد اداکار یا نیٹ فلیکس کی ٹیم اعلان کرے گی۔

اب تک کی خبروں کے مطابق ہمایوں سعید نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ میں برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے مبینہ محبوب پاکستانی سرجن ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

خبریں ہیں کہ ہمایوں سعید وب سیریز میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
خبریں ہیں کہ ہمایوں سعید وب سیریز میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

’دی کراؤن‘ نامی ویب سیریز برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔

چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔

اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024