• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغان انخلا کے دوران گم ہونے والا دو ماہ کا بچہ 5ماہ بعد اہلخانہ کو مل گیا

شائع January 10, 2022
ٹیکسی ڈرائیور حامد بچے کو اس کے دادا کو سونپتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے— فوٹو: اے ایف پی
ٹیکسی ڈرائیور حامد بچے کو اس کے دادا کو سونپتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے— فوٹو: اے ایف پی

طالبان کی جانب سے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے نتیجے میں ملک سے ہزاروں افراد کے انخلا کے دوران گم ہونے والا بچہ پانچ ماہ بعد اپنے اہلخانہ کو مل گیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اگست کے وسط میں طالبان نے ملک کا اقتدار سنبھالا تو ہزاروں کی تعداد میں افراد نے ملک سے انخلا کی کوششوں کے لیے ایئرپورٹ کا رخ کیا تھا اور اس افراتفری کے ماحول میں بچے کے والد نے دو ماہ کے سہیل احمدی کو ایک غیرملکی فوجی کے حوالے کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی مدد سے افغانستان سے 1100 افراد کا انخلا ممکن ہوا، منیر اکرم

اس کے بعد باپ بیٹے بچھڑ گئے اور یہ واضح نہیں کہ کیا ہوا لیکن ٹیکسی ڈرائیور حامد سیفی نے کہا کہ انہیں یہ بچہ اسی دن ایئرپورٹ پر روتا ہوا ملا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بچے کو کسی خاتون کے پاس لے کر گیا تاکہ اسے دودھ پلایا جا سکے لیکن اس نے دودھ نہ پیا، میں بچے کے گھر والوں کو ڈھونڈتا رہا۔

ملک سے انخلا میں اپنے بھائی کی مدد کے لیے جانے والے حامد سیفی نے بتایا کہ پھر میں نے اپنی بیوی کو کال کی اور اسے بتایا کہ میں بچے کو گھر لے کر آ رہا ہوں۔

اس جوڑے نے بتایا کہ ہم بچے کے والدین کو تلاش کرتے رہے لیکن انہیں ڈھونڈ نہ سکے اور جب وہ نہ ملے تو ہم نے بچے کو محمد عابد کا نام دیا اور اس کی دیکھ بھال شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان کے درمیان پہلے مذاکرات

29سالہ افغان شہری نے اے ایف پی سے گفتگو میں مزید کہا کہ اگر بچے کے والدین نہ ملتے تو ہم اس کا خیال رکھتے اور اپنے بچوں کی طرح پالتے۔

دوسری جانب بچے کے والد مرزا علی احمدی تین دن تک اسے ایئرپورٹ پر تلاش کرتے رہے اور پھر تین دن بعد بیوی اور دیگر چار بچوں کے ہمراہ امریکا روانہ ہو گئے۔

حامد اور ان کی اہلیہ بچے کی روانگی سے قبل اس کے ساتھ کھیل رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
حامد اور ان کی اہلیہ بچے کی روانگی سے قبل اس کے ساتھ کھیل رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

البتہ چند دن قبل ہی سوشل میڈیا اور پولیس کے ذریعے بچے کے رشتے داروں کو پتہ چل گیا اور پھر اس جوڑے اور ان کی تین بیٹیوں نے دکھی دل کے ساتھ اس بچے کو اس کے دادا کے سپرد کردیا۔

حامد سیفی کی اہلیہ فریما نے کہا کہ میں نے اس کے لیے وہی ذمے داری محسوس کرتی تھی جو ایک ماں اپنے بیٹے کی طرف محسوس کرتی ہے، وہ راتوں میں اکثر جاگ جایا کرتا تھا لیکن اب جب میں رات میں اٹھتی ہوں تو وہ نہیں ہے اور مجھے یہ دیکھ کر بہت رونا آتا ہے۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ میں بھی ایک والدہ ہوں، میں جانتی ہوں وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتا تھا اور اسے اپنے والدین کے پاس ہی ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: افغان انخلا کے دوران نیٹو اور اس سے متعلقہ 10ہزار سے زائد افراد پاکستان آئے، وفاقی وزیر اطلاعات

ان کے شوہر نے کہا کہ بچے کو واپس سپرد کرنا بہت مشکل تھا اور ہم اس کی کمی بہت محسوس کریں گے۔

اتوار کو سہیل کے دادا مرزا محمد قاسمی نے حامد کے خاندان کو اپنے گھر آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ بچے کے ساتھ کچھ وقت گزار سکیں۔

بچے کے دادا مرزا محمد قاسمی نے کہا کہ ان لوگوں نے پانچ ماہ میرے پوتے کا بہت خیال رکھا اور انہیں اس سے بہت زیادہ دلی لگاؤ ہو گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ابتدائی طور پر بچے کو ہمیں سونپنے میں ہچکچا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پانچ ماہ تک مسلسل اپنے پوتے کو تلاش کرتا رہا لیکن اب مجھے خوشی ہے کہ بچہ امریکا میں جلد اپنے حقیقی والدین کے پاس ہو گا۔

سہیل کے والد نے امریکا سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا روانگی تک سہیل کا خیال اس کی پھوپھی رکھیں گی، ہم پانچ ماہ سے انتہائی برے دور سے گزر رہے تھے لیکن اب ہم اپنا بچہ واپس ملنے پر خدا کا بہت شکر ادا کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024