• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایلگر کی عمدہ بیٹنگ، جنوبی افریقہ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی

شائع January 7, 2022
ڈین ایلگر نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ڈین ایلگر نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے کپتان ڈین ایلگر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور پوری بھارتی ٹیم 202 رنز پر آؤٹ گئے۔

انجری کا شکار ویرات کوہلی کی جگہ قیادت کرنے والے قائم مقام کپتان لوکیش راہل نے 50، روی چندرن ایشون نے 46 اور ماینک اگروال نے 26رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن نے چار جبکہ کگیسو ربادا اور ڈوانے اولیویئر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقہ بلے باز بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 229 رنز ہی بنا سکی۔

کیگن پیٹرسن نے 62 اور ٹیمبا باووما نے 51 رنز کی باریاں کھیلیں جس کی بدولت میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 27رنز کی برتری لینے میں کامیاب رہی۔

بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا، چتیشور پجارا اور اجنکیا راہانے نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ ہنوما ویہاڑی نے 30رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے ربادا، جینسن اور لنگی نگیدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں خسارے کے سبب بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 240رنز کا ہدف دیا۔

ابرآلود موسم کو دیکھتے ہوئے یہ ہدف آسان معلوم نہیں ہوتا تھا لیکن لیکن جنوبی افریقی بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

کپتان ڈین ایلگر نے 96 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر ایڈن مرکرم نے 31 اور راسی وین ڈر ڈوسن نے 40 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقہ نے اس میچ میں 7 وکٹوں سے فتح کی بدولت 3 میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

ڈین ایلگر کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024