اومیکرون ویرینٹ کا پھیلاؤ جاری، ملک میں کورونا کے 898 نئے کیسز رپورٹ
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 898 کیسز رپورٹ ہوئے جو 14 اکتوبر کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
ملک بھر میں وائرس کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 673 ٹیسٹ کیے گئے جس میں کیسز مثبت آنے کی شرح 1.80 فیصد رہی۔
علاوہ ازیں وائرس سے 5 مریض انتقال کر گئے جبکہ 652 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور اس وقت کورونا وائرس کے 12 ہزار 213 فعال کیسز موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، این سی او سی
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں رپورٹ ہونے والے کورونا وائرس کیسز اور اموات کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں:
سندھ: 483 کیسز، 2 اموات
پنجاب: 310 کیسز، ایک موت
خیبرپختونخوا: 39 کیسز 2 اموات
بلوچستان: 5 کیسز
اسلام آباد: 57 کیسز
آزاد کشمیر: 4 کیسز
البتہ گلگت بلتستان میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا
ملک میں اب تک رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد 12 لاکھ 98 ہزار 763 ہے، جن میں سے 28 ہزار 950 متاثرہ افراد انتقال کر چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 245 افراد وائرس سے صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 57 ہزار 600 تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان میں اومیکرون کے باعث کورونا وائرس کی 5ویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔
این سی او سی نے عوام کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس 5ویں لہر سے بچنے کے لیے ماسک لگائیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، یہ بھی بتایا گیا کہ جن افراد کو ویکسین لگ چکی ہے وہ اومیکرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔
این سی او سی نے صوبوں کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسینیشن کے اہداف کو جلد از جلد پورا کرنے کی کوشش کریں۔