• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں سرخرو ہوئی، ایک،ایک پائی کا حساب دیا، فواد چوہدری

شائع January 4, 2022
فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں—فوٹو: ریڈیو پاکستان
فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں—فوٹو: ریڈیو پاکستان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے فارن فنڈنگ کے تاثر کو یکسر مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واحد جماعت ہے، جس کا اکاؤنٹنگ اور فنڈنگ کا قانونی نظام موجود ہے اور الیکشن کمیشن کو ایک،ایک پائی کا حساب دیا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد وزیرمملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا اکاونٹنگ اور فنڈنگ کا سسٹم موجود ہے، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو ایک ایک پائی کا حساب دیا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پی ٹی آئی آج ایک بار پھر سرخرو ہوئی اور مخالفین کے سارے ارمان ٹائیں ٹائیں فش ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : قوم دیکھے گی سب سے شفاف فنڈز پی ٹی آئی نے جمع کیے، اسد عمر

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کو باقی تمام سیاسی جماعتوں کے اکاونٹس کو بھی چیک کرنا چاہیے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اکاونٹس کا حساب بھی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کا موازنہ عوام کے سامنے رکھے، الیکشن کمیشن کو کہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ پبلک کردیں، ہم نے استدعا کی ہے کہ تینوں بڑی جماعتوں کی فارن فنڈنگ کی رپورٹ پبلک کی جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 26 اکاونٹس ہیں، جس میں سے 8 اکاونٹس فعال نہیں ہیں جبکہ 4 اکاونٹس سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان دنیا بھر سے فنڈز بھیجتے ہیں، لوگ کسی پر اعتبار کرتےہیں تو وہ عمران خان ہیں، 6 اکاونٹس پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ وہ ویلفیئر اکاونٹس ہیں، رپورٹ میں ایک اکاونٹ کی ٹرانزیکشن کو ڈبل دکھایا گیا، ایک ٹرانزیکشن 15 کروڑ اور ایک ٹرانزیکشن 16کروڑ کی ہوئی۔

مزید پڑھیں: اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں اپنی رپورٹ جمع کروادی

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسد عمر نے کورونا کی صورت حال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ہمیں احتیاط کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 2 ارب کی ویکسین منگوا کر مفت ویکسین لگوائی، صحت کارڈ کے ذریعے ہسپتال میں داخل ہوکر شہری 10 لاکھ روپے تک کامفت معیاری علاج کرواسکیں گے۔

فوادچوہدری نے سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے سندھ حکومت کو 11ارب کا کورونا پیکج دیا لیکن حکومت سندھ نے ایک پائی کی ویکسین نہیں منگوائی، سندھ حکومت ہر معاملے میں بہت پیچھے ہے، سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ صحت کے شعبے کےلیے کام کریں،

ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت سندھ احساس پروگرام میں شامل نہیں ہے، سندھ سے کہتا ہوں سیاست ہوتی رہےگی مگر صحت پر سیاست نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی فراہمی کےلیے فنڈز کی منظوری کا فیصلہ کیاگیا کیونکہ صاف شفاف الیکشن کرانا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو غریب آدمی کی مشکلات کا احساس ہے اور حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں : فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ حکومت کے خلاف آئے گا'

فوادچوہدری نے بتایا کہ اجلاس میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کی کاردگی کو سراہاگیا، ماحولیات سے متعلق امین اسلم ، زرتاج گل سمیت ان کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، ماحولیاتی چیلنج سے نمنٹے کےلیے وفاقی حکومت اور عمران خان کے اقدامات کو دنیا ایک مثال کے طورپر دیکھتی ہے کیونکہ وزیراعظم پاکستان خود بھی ماحولیات کے حوالے سے بہت متحرک ہیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پی پی کے 35 کروڑ روپے کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، پیپلزپارٹی نے ہر سال اپنے فنڈز چھپائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی 45 کروڑ روپے کی فنڈنگ کا کوئی حساب نہیں ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ باقی تمام جماعتوں کے اکاونٹس کی بھی مکمل جانچ ہونی چاہیے اور تمام پارٹیوں کے اکاونٹس کی رپورٹ پبلک کی جانی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024