سام سنگ کا سب سے 'سستا' فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 ایف ای
سام سنگ نے 2022 میں اپنا پہلا اسمارٹ فون سستے فلیگ شپ گلیکسی ایس 21 ایف ای (فین ایڈیشن) کی شکل میں متعارف کرا دیا ہے۔
اس فون کے بارے میں افواہیں اور تفصیلات مہینوں سے سامنے آرہی تھیں بلکہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ شاید یہ متعارف نہ ہو مگر اب جنوبی کورین کمپنی نے اسے پیش کردیا ہے۔
گلیکسی ایس 21 ایف ای 5 جی میں 6.4 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 240 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فون میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر دیا گیا ہے اور جیسا نام سے ظاہر ہے 5 جی نیٹ ورک سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔
یہ نیا فون گلیکسی ایس 20 ایف ای کے مقابلے میں زیادہ پتلا اور ہلکا ہے اور کمپنی کے مطابق کاؤنٹر کٹ ڈیزائن سے لیس ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ بیک پر کیمرا سیٹ اپ خوبصورتی سے ڈیوائس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ 4500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے بارے میں سام سنگ نے وعدہ کیا ہے کہ ایک چارج پر بیٹری 2 دن تک کام کرسکے گی۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
اس سیٹ اپ میں 12 میگا پکسل مین کیمرا (او آئی ایس کے ساتھ)، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا 3 ایکس زوم کے ساتھ موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق فون کے کیمروں کے لیے متعدد شوٹنگ موڈز دیئے گئے ہیں بالخصوص نائٹ موڈ ملٹی فریم سنگل امیج میں 14 تصاویر لے سکتا ہے۔
اسی طرح ملٹی کیمرا ریکارڈنگ سے فرنٹ اور بیک کیمروں کو ایک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح آبجیکٹ اریزر نامی فیچر پکسل 6 سیریز کے میجک اریزر کی طرح کام کرتا ہے تاکہ تصاویر سے جس چیز کو چاہیں نکال دیں۔
یہ فون 4 رنگوں وائٹ، گرافیٹ، لیونڈر اور نیو اولیو میں 11 جنوری سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 699 ڈالرز (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور اس وجہ سے یہ ایس سیریز کا سب سے سستا فون بھی ہے۔