• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اس بہترین مشروب کے صحت کیلئے فائدے جانتے ہیں؟

شائع January 3, 2022
ایلو ویرا جوس بہت فائدہ مند ہوتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
ایلو ویرا جوس بہت فائدہ مند ہوتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

آپ نے ایلو ویرا (کوار گندل) کے بارے میں سنا تو ہوگا مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کا جوس کس حد تک فائدہ مند ہوتا ہے؟

ایلو ویرا جوس لیس دار اور گاڑھا سیال ہوتا ہے جو اس پودے کے پتے سے تیار کیا جاتا ہے۔

یہ بیشتر افراد کو علم ہے کہ یہ سیال سورج سے جلن کا علاج کرسکتا ہے مگر اس کو پینا بھی صحت کے لیے متعدد فوائد کا حامل ہوتا ہے۔

ایلو ویرا جوس تیار کرنے کے لیے اس پودے کے پتے کو پیسنا ہوتا ہے جس کے بعد اسے صاف اور فلٹر بھی کرنا ہوتا ہے۔

اس جوس کو آسانی سے مختلف شیکس میں ملا کر غذا کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

مگر اس سے صحت کو کیا فوائد ہوتے ہیں؟

پانی کی کمی نہیں ہوتی

ایلو ویرا کے پودے میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو یہ ڈی ہائیڈریشن کی روک تھام یا علاج کے لیے بہترین ہے۔

جسم میں پانی کی مناسب مقدار جسم کو اندر سے زہریلے مواد سے پاک رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ایلو ویرا جوس میں ایسے متعدد اجزا موجود ہوتے ہیں جو اعضا کے افعال کو بہتر کرتے ہیں۔

یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ گردے اور جگر کا زیادہ بڑا کام خون کو زہریلے مواد سے پاک رکھنا اور پیشاب بنانا ہوتا ہے، جس کے لیے ان کی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

جگر کے افعال

جب زہریلے مواد کو جسم سے خارج کرنے کی بات ہو تو صحت مند جگر کنجی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایلو ویرا جوس جگر کو صحت مند رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے، کیونکہ جگر کے افعال اس وقت بہترین ہوتے ہیں جب جسم کو مناسب مقدار میں غذائی اجزا اور پانی میسر ہو۔

ایلو ویرا جوس اس لیے بھی جگر کے لیے مثالی ہے کیونکہ یہ جسم کو پانی کی مناسب مقدار فراہم کرتا ہے اور غذائی اجزا فراہم کرتا ہے۔

قبض کا علاج

ایلو ویرا جوس کو پینے سے آنتوں میں پانی کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔

طبی تحقیق سے آنتوں میں پانی کی مقدار میں اضافے اور قبض کی روک تھام یا ریلیف میں تعلق کو ثابت کیا گیا ہے۔

اگر آپ اکثر قبض کا شکار رہتے ہیں تو ایلو ویرا جوس کو روزانہ پینا عادت بنالیں، یہ جوس قبض سے نجات کے ساتھ ساتھ معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹریا کی مقدار بھی بڑھاتا ہے۔

شفاف جلد

ایلو ویرا جوس کا استعمال کیل مہاسوں کی تعداد میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جبکہ اس سے مختلف جلدی امراض جیسے چنبل اور جلد کی سوزش کو بھی کم کرتا ہے۔

ایلو ویرا جوس اینٹی آکسائیڈنٹس اور وٹامنس سے بھرپور ہونے کے باعث جلد کا تحفظ کرتا ہے۔

ایلو ویرا کے اہم مرکبات سورج کی روشنی کے اثرات کو کم کرتے ہیں اور اس سے جلد کو ہونے والے نقصان کی مرمت بھی کرتے ہیں۔

اور یہ جوس فائن لائنز اور جھریوں کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

غذائی اجزا کے حصول کااچھا ذریعہ

ایلو ویرا جوس میں متعدد غذائی اجزا ہوتے ہیں جس سے جسم ان کی کمی کا شکار نہیں ہوتا جن میں اہم وٹامنز اور منرلز جیسے وٹامنز بی، سی، ای اور فولک ایسڈ قابل ذکر ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ جوس میں کیلشیئم، کاپر، کرومیم، سوڈیم، سیلینیم، میگنیشم، مینگنیز اور زنک کی بھی کچھ مقدار ہوتی ہے۔

ایلو ویرا وٹامن بی 12 کے حصول کا واحد نباتاتی ذریعہ ہے۔

مجموعی طور پر غذائی اجزا سے بھرپور غذائیں اور مشروبات بیشتر افراد کی روک تھام کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

سینے میں جلن سے ریلیف

ایلو ویرا جوس کو پینا سینے میں جلن سے بھی ریلیف دلا سکتا ہے۔

اس جوس میں موجود مرکبات معدے میں تیزابیت کو کنٹرول کرتے ہیں جس سے سینے میں جلن کی شکایت کم ہوتی ہے۔

ہاضمے کے لیے مفید

ایلو ویرا میں متعدد ایسے انزائمے ہوتے ہیں جو شکر اور چکنائی کو گھلانے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور نظام ہاضمہ کے افعال کی روانی برقرار رکھتے ہیں۔

اگر نظام ہاضمہ کے افعال ٹھیک نہ ہو تو اس کے لیے غذا میں موجود تمام اجزا جذب کرنا مشکل ہوتا ہے، تو غذا سے فوائد کے حصول کے لیے اپنے اندرونی انجن کو صحت مند رکھنا ضروری ہے۔

ایلو ویرا معدے اور آنتوں کے مسائل میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اس کا جوس آئی بی ایس اور آنتوں کے دیگر امراض کے شکار افراد کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

دیگر استعمال

ایلو ویرا جوس میک اپ کو ہٹانے، سورج سے جلنے سے ریلیف، ہلکے موسچرائزر اور جلد کی خارش (پودینے کے تیل کے چند قطروں کے ساتھ ملا کر) کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اور ہاں بیشتر مشروبات کے برعکس ایلو ویرا جوس میں شکر بالکل نہیں ہوتی جبکہ کیلوریز کی مقدار بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے تو جسمانی وزن کو بڑھنے سے روکنے کے لیے بھی یہ اچھا انتخاب ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024