• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع January 3, 2022
محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے انٹرنیشنل اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے—فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے انٹرنیشنل اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 18 سال پر محیط کریئر کا اختتام کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کسی قسم افسوس نہیں ہے اور مکمل مطمئن ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاکستان کے جھنڈے کو سربلند رکھنے کی کوشش کی اور کوشش کی کہ جتنا کھیلوں عزت سے کھیلوں۔

مزیدپڑھیں: نمبر ون وکٹ کیپر کون؟ محمد حفیظ کی ٹوئٹ پر سرفراز برہم

محمد حفیظ نے کہا کہ 18سال پہلے زندگی کا بہترین سفر شروع کیا تاہم لیگ کرکٹ جاری رکھوں گا اور جب تک فٹ رہا لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں والدین کی بھرپور حمایت حاصل رہی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے دوران فینز نے ہمیشہ عزت افزائی کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ باعث فخر رہا ہے، اس دوران کوئی لالچ مطمع نظر نہیں رہا، اسی طرح ورلڈ کپ کھیلنا کوئی لالچ کا حصہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا درست نہیں کہ میں آئندہ ورلڈ کپ کے لیے مس فٹ ہوں۔

محمد حفیظ نے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں فتح کو سب سے یادگار لمحہ قرار دیا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس ٹیم کا حصہ رہا جس نے بھارت کو شکست دی اور آئندہ کے لیے اس تاثر کو زائل کردیا کہ پاکستان اپنے حریف بھارت کو شکست نہیں دے سکتا۔

اس سے قبل حفیظ کی ریٹائرمنٹ معروف اسپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ 7 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

غیرقانونی باؤلنگ ایکشن اور خراب فارم کے باعث محمد حفیظ کا کیریئر خصوصاً ٹیسٹ کرکٹ میں انہیں مسائل کا سامنا رہا اور حالیہ عرصے میں وہ وقتاً فوقتاً ٹیم سے ڈراپ ہوتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: حفیظ کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

41 سالہ ٹاپ آرڈر بلے باز نے سال 2003 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور گزشتہ برس نومبر میں ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ کھیلا۔

انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیز کے لیے لاہور قلندر سے معاہدہ کر رکھا ہے اور دنیا بھر میں فرنچائز کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔

18 سالہ کریئر کے دوران تجربہ کار کرکٹر نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے انٹرنیشنل اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 12 ہزار 780 رنز بنائے۔

سال 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز کے میدان میں کھیلا تھا۔

مزید پڑھیں: کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑوں گا، محمد حفیظ

قبل ازیں انہوں نےجنوری 2020 میں اعلان کیا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ ان کا پاکستان کے لیے آخری انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہوگا لیکن کووڈ 19 کے باعث التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹی 2020 ورلڈ کپ گزشتہ برس منعقد ہوا، اس دوران محمد حفیظ بھی پاکستانی ٹیم کے ساتھ منسلک رہے۔

محمد حفیظ کو پروفیسر کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2020 میں رمیز راجا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو اب عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت سی خدمات دی ہیں تاہم اب مجھے لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ وہ باعزت ریٹائر ہوجائیں۔

جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا تھا کہ وہ کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑیں گے اور ٹی20 ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024