• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماضی کی بولڈ اداکارہ ممتاز کا ’ہیرا منڈی‘ سیریز میں کام کرنے سے انکار

شائع January 1, 2022
ممتاز نے زائدالعمری میں بولڈ کردار کی پیش کش کی وجہ سے کام سے انکار کیا—فائل فوٹو: فیس بک
ممتاز نے زائدالعمری میں بولڈ کردار کی پیش کش کی وجہ سے کام سے انکار کیا—فائل فوٹو: فیس بک

ماضی کی مقبول اور بولڈ ترین بھارتی اداکاراؤں میں شمار ہونے والی اداکارہ ممتاز نے میگا بجٹ اور کاسٹ ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

’ہیرا منڈی‘ نامی ویب سیریز کی ہدایات معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی دیں گے، جس کی کہانی تقسیم ہند سے قبل کی ہوگی۔

’ہیرا منڈی‘ کی کہانی پاکستانی پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے گرد گھومے گی اور اس میں ممکنہ طور پر اس میں تقسیم ہند کو بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’ہیرا منڈی‘ کی کاسٹ کے لیے سنجے لیلا بھنسالی مختلف اداکاراؤں سے رابطے میں ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے ماضی کی مقبول اداکارہ ممتاز سے بھی رابطہ کیا مگر خبریں ہیں کہ انہوں نے ویب سیریز میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

فلم میں متعدد مرکزی اداکارائیں کام کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام
فلم میں متعدد مرکزی اداکارائیں کام کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی نے ممتاز کو ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پیش کش کی مگر کردار کے بعض مناظر پر انہوں نے اعتراض کرتے ہوئے کام کرنے سے انکار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممتاز کو سینیئر طوائف کے کردار کی پیش کش کی گئی تھی اور انہیں ویب سیریز کے ایک منظر میں ’مجرا‘ بھی کرنا تھا، جس وجہ سے ادکارہ نے کام سے انکار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے فلم ساز سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ عمر کے اس حصے میں ہیں کہ وہ ایسے کردار ادا نہیں کر سکتیں اور یہ کہ ان کے شوہر بھی ایسا کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

سیریز کے لیے اداکاراؤں سے ٹیم کے مذاکرات جاری ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام
سیریز کے لیے اداکاراؤں سے ٹیم کے مذاکرات جاری ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام

ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ‘ہیرا منڈی‘ نامی ویب سیریز 7 قسطوں پر مبنی ہوگی اور ایک قسط کا دورانیہ ایک گھنٹے کا ہوگا۔

ممکنہ طور پر ’ہیرا منڈی‘ کو رواں برس کے وسط تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے اور اس حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ سیریز کی کہانی تقسیم ہند سے قبل کی ہے، جس وقت لاہور متحدہ ہندوستان کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے بھنسالی لاہور کی 'ہیرا منڈی' پر فلم بنائیں گے

فلم ساز نے بتایا تھا کہ ’ہیرا منڈی‘ میں دکھایا جائے گا کہ ماضی میں جسم فروشی کے اڈوں پر کس طرح آرٹ اور ثقافت کی ترویج ہوتی تھی اور کس طرح وہیں سیاست پلتی اور بڑھتی تھی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ہیرا منڈی‘ میں کون سے اداکار یا اداکارائیں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی، تاہم اطلاعات ہیں کہ ایشوریا رائے، مادھوری ڈکشٹ، ودیا بالن، منیشا کوئرالہ، عالیہ بھٹ اور پرینیتی چوپڑا جیسی اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

ممتاز ماضی کی بولڈ اداکارہ رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
ممتاز ماضی کی بولڈ اداکارہ رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024