• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

علیزے شاہ کا سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ

شائع January 1, 2022
اداکارہ نے ویڈیو پر واضح طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ویڈیو پر واضح طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل، اداکارہ و گلوکارہ علیزے شاہ نے کار میں سگریٹ نوشی کی ویڈیو کو بلا اجازت ریکارڈ کرنے اور اسے وائرل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

علیزے شاہ کی کار میں بیٹھے ہوئے سگریٹ پینے کی ویڈیو تین دن قبل 29 دسمبر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

مختصر ویڈیو میں علیزے شاہ کو کار میں بیٹھے ہوئے سگریٹ نوشی کرتے دیکھا گیا تھا۔

اداکارہ نے ایف آئی اے ڈائریکٹر کی ویڈیو شیئر کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے ایف آئی اے ڈائریکٹر کی ویڈیو شیئر کی—اسکرین شاٹ

ویڈیو سامنے آنے کے بعد علیزے شاہ کا نام ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ٹرینڈ بھی کرنے لگا اور ان کی سگریٹ نوشی کی ویڈیو کو متعدد شوبز ویب سائٹس پیجز کے علاوہ عام افراد نے بھی شیئر کیا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علیزے شاہ پر نہ صرف تنقید کی گئی بلکہ ان کے لیے نامناسب زبان کا استعمال بھی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاری کے بعد علیزے شاہ کی گلوکاری کے میدان میں انٹری

جس کے بعد اب اداکارہ نے مذکورہ ویڈیو کو بلا اجازت ریکارڈ کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

اداکارہ نے یکم جنوری کو انسٹاگرام اسٹوریز میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم برانچ سندھ کے ڈائریکٹر عمران ریاض کی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ رضامندی کے بغیر ویڈیوز بنانے اور انہیں شیئر کرنے کے قانون پر بات کررہے ہیں۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے ویڈیو میں بتایا کہ کسی بھی شخص کی رضامندی کے بغیر ان کی ویڈیو بنانا یا تصویر کھینچنا اور پھر اسے اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے پھیلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اداکارہ علیزے شاہ کی حال ہی میں بنائی گئی ویڈیو کا معاملہ بھی سائبر کرائم ایکٹ 2016 کے زمرے میں آتا ہے، جس کی سزا 10 لاکھ روپے یا تین سال قید یا پھر دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: شادی میں کوئی دلچسپی نہیں، ابھی بہت کام کرنا ہے، علیزے شاہ

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ اسی طرح کے معاملات میں احتیاط سے کام لیں اور کسی بھی قانونی کارروائی سے محفوظ رہیں۔

ایف آئی اے کے افسر نے اپنے انسٹاگرام پر بھی مذکورہ ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی انہوں نے علیزے شاہ کو بھی ویڈیو میں مینشن کیا۔

تاہم عمران ریاض نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں علیزے شاہ نے ویڈیو وائرل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی درخواست دی ہے یا نہیں؟ اور نہ ہی اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے ویڈیو بنانے والوں کے خلاف کیا قانونی اقدامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علیزے شاہ کا جلد کے مسائل کی شکار خواتین کے لیے پیغام

تاہم اداکارہ کی جانب سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کی ویڈیو شیئر کرنے سے عندیہ ملتا ہے کہ علیزے شاہ سگریٹ نوشی کی ویڈیو کو وائرل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو سے قبل بھی علیزے شاہ کی ڈانس پرفارمنس سمیت ایوارڈز شوز اور تقاریب کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024