• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حد سے زیادہ کامیابی سے ڈرتی ہوں، حدیقہ کیانی

شائع December 31, 2021
گلوکاری سے زیادہ اداکاری میں شہرت ملی، حدیقہ کیانی—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکاری سے زیادہ اداکاری میں شہرت ملی، حدیقہ کیانی—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ حد سے زیادہ کامیابی سے ڈرتی ہیں، کیوں کہ پہلے ہی انہوں نے موسیقی میں شہرت کی وجہ سے اپنے پیاروں کو خود سے دور جاتے دیکھا۔

حال ہی میں حدیقہ کیانی نے شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی پیدائش راولپنڈی میں ہوئی تھی مگر جب وہ تین سال کی تھیں تب ان کے والد انتقال کر گئے تو وہ والدہ سمیت لاہور منتقل ہوگئیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والد فوج میں تھے جب کہ ان کی والدہ پرنسپل تھیں اور انہوں نے کم عمری میں ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر بچوں کے پروگرامات سے کیریئر کا آغاز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ کالج میں تھیں تب ہی انہوں نے پی ٹی وی پر کام کرکے کمائی کرنا شروع کی تھی اور والدہ کو مالی معاونت فراہم کرتی رہیں۔

کم عمر تھی تو لوگ باجی کہ کر مخاطب ہوتے تھے، گلوکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
کم عمر تھی تو لوگ باجی کہ کر مخاطب ہوتے تھے، گلوکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

حدیقہ کیانی کے مطابق ان کے بھائی بھی ان کی طرح موسیقی میں دلچسپی رکھتے تھے اور انہوں نے پہلا گانا بھائی کی مدد سے ہی ریلیز کیا تھا۔

گلوکارہ و اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ ان کے بھائی تنگ نظر نہیں تھے مگر اس وقت معاشرے کے دباؤ کی وجہ سے ان کے بھائی قدرے تنگ نظر تھے، جس وجہ سے انہیں بھائی سے ڈر بھی لگتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی کا طویل عرصے بعد میوزک ایلبم ریلیز کرنے کا اعلان

حدیقہ کیانی کے مطابق 1990 کے بعد انہوں نے کم عمری میں ہی شہرت حاصل کی اور اس وقت علی حیدر جیسے گلوکار سپر اسٹار تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اداکاری کو موسیقی سے کافی مختلف اور مشکل قرار دیا اور اعتراف کیا کہ انہیں اداکاری کرنے سے زیادہ عوامی شہرت مل رہی ہے۔

حدیقہ کیانی نے ایک واقعہ بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے کراچی میں ایک کنسرٹ کے دوران پرفارمنس کی تو لوگوں نے انہیں بطور گلوکارہ نہیں بلکہ اداکارہ پہچانا اور حیران رہ گئے کہ ’رقیب سے‘ ڈرامے کی ’سکینہ‘ تو اچھا گاتی ہیں۔

گلوکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 25 سال تک گلوکاری کی مگر انہیں چند ڈراموں نے موسیقی سے زیادہ شہرت بخشی۔

انہوں نے کہا کہ اداکاری کرنے کے بعد انہیں ایسا لگتا ہے کہ اب وہ لوگوں کے گھروں میں داخل ہو چکی ہیں، کیوں کہ پہلے وہ بطور گلوکارہ لوگوں سے دور تھیں۔

مزید پڑھیں: والدہ کی بیماری کے باعث حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا اداکاری کا کوئی ارادہ نہیں تھا مگر گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران ہم ٹی وی کی مومنہ درید نے انہیں فون کرکے ’رقیب سے‘ میں ’سکینہ‘ کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔

حدیقہ کیانی نے بتایا کہ جلد ہی وہ تیسرے ڈرامے ’پنجرہ‘ میں بھی دکھائی دیں گی جو کہ مرحوم ڈراما ساز اسما نبیل کا لکھا گیا آخری ڈراما ہے۔

ان کے مطابق انتقال سےچند ماہ قبل اسما نبیل نے انہیں بلا کر اپنے ڈرامے کے کردار سے متعقل بتایا تھا اور وہ پہلے ہی ڈرامے میں کاسٹ کرلی گئی تھیں۔

انہوں نے اپنے دوسرے ڈرامے ’دوبارہ‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ ان کے کردار کی خواتین بھی تعریفیں کر رہی ہیں۔

گلوکارہ نے ایک سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد پچاس سال کی ہوجائیں گی مگر فٹنیس کی وجہ سے وہ 40 سال کی لگتی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے کہا کہ جب انہوں نے کم عمری میں گلوکاری شروع کی تھی تو لوگ انہیں فون کرتے وقت یا مخاطب ہوتے وقت بھی زائد العمر سمجھ کر انہیں ’باجی‘ بلاتے تھے مگر اب جب کہ وہ زائدالعمر ہو رہی ہیں تب لوگ سمجھتے ہیں کہ اداکارہ جوان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی کی والدہ کیلئے دعاؤں کی اپیل

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں جتنی شہرت ملی، وہ اس پر خدا کی شکر گزار ہیں اور انہیں دو دہائیاں قبل ہی ایک قریبی شخصیت نے کہا تھا کہ جتنی عزت و شہرت انہیں ملی ہے وہ اس پر شکرانے ادا کریں۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے بتایا کہ گلوکارہ بننے کے لیے انہوں نے بہت بڑی قیمت چکائی، کیوں کہ انہیں شہرت ملنےاور ان کا نام مقبول ہونے کی وجہ سے ان سے اپنے پیارے بھی دور ہوئے۔

حدیقہ کیانی نے کہا کہ جب انہیں شہرت ملنے پر ان کے پیاروں نے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کی، تب سے ان کی خواہش ہے کہ انہیں کبھی حد سے زیادہ شہرت نہ ملے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ حد سے زیادہ شہرت سے اس لیے ڈرتی ہیں، کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان سے دوسرے پیارے لوگ بھی الگ ہوجائیں گے۔

ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے ناد علی کو اکتوبر 2005 میں گود لیا تھا، تب ان کی پہلی طلاق ہو چکی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں حدیقہ کیانی نے اعتراف کیاکہ انہیں بعض اوقات اپنی زندگی میں ’مرد‘ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔

گلوکارہ نے واضح کیا کہ جب انہیں کبھی اپنی کامیابیوں پر کسی سے بات کرنے کا دل کرتا ہے یا پھر اپنی ناکامیوں یا بے بسیوں پر رونے کا دل کرتا ہے تب ان کے پاس کسی ’مردُ کا ساتھ نہیں ہوتا۔

مزید پڑھیں: حدیقہ کیانی اور ہادیہ ہاشمی پہلی مرتبہ ایک ساتھ گلوکاری کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں وہ اپنے بیٹے اور بھتیجے کے ساتھ ہی جذبات کا اظہار کرتی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ایسا کوئی ساتھی نہیں چاہیے جو ان کا سہارا بننے کے بجائے ان کی کامیابیوں اور شہرت سے خود کو غیر محفوظ تصور کرکے ان کے لیے مسائل کھڑے کرے۔

حدیقہ کیانی نے واضح کیا کہ انہیں متعدد دیگر ڈراموں کے اسکرپٹ بھی ملے تھے مگر انہوں نے ان میں کام کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ ان میں ان کے کردار اچھے نہیں تھے۔

گلوکارہ نے واضح کیا کہ اگر انہیں کسی مضبوط اور اچھے کردار کی فلم کی پیش کش ہوگی تو وہ اس میں کام کرنے سے متعلق ضرور سوچیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024