• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے بابر اعظم بھی نامزد

شائع December 30, 2021
بابر اعظم سمیت چار کھلاڑیوں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
بابر اعظم سمیت چار کھلاڑیوں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی اس فہرست میں نامزد کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے سال 2021 میں صرف چھ ون ڈے میچ کھیلے لیکن اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے میں کامیاب رہے۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم ماہ اپریل کے لیے آئی سی سی کے بہترین بلے باز قرار

رواں سال پاکستان ٹیم نے دو ون ڈے سیریز کھیلیں اور دونوں ہی سیریز میں بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں دوسرے سب سے زیادہ 228 رنز بنانے والے بلے باز تھے اور سیریز کے ان دونوں میچوں میں مین آف دی میچ قرار دیے گئے تھے جس میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست ہوئی کیونکہ 177 رنز بنانے والے بابر کے سوا تمام بلے باز ناکام رہے اور کوئی کھلاڑی 100 رنز بھی نہیں بنا سکا تھا۔

بابر اعظم نے دو سنچریوں کی مدد سے 67.50 کی اوسط سے 405رنز بنائے تھے اور اس ایوارڈ کے لیے اہم امیدوار ہیں۔

سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقہ جین مین ملان اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے گوگل پر سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دے دیے

شکیب نے 2021 میں 9 میچوں میں 277 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 17 وکٹیں بھی حاصل کیں اور اس ایوارڈ کے لیے انہیں سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔

تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے کے بعد رواں سال ون ڈے کرکٹ میں واپس آنے والے آل راؤنڈر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 113 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 6 وکٹیں بھی لی تھیں جس کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم 0-3 سے کلین سوئپ کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں تو وہ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے البتہ زمبابوے کے خلاف 145 رنز بنانے کے ساتھ ہی 8 وکٹیں بھی لی تھیں جس کی بدولت بنگلہ دیش نے ایک اور کلین سوئپ کیا تھا۔

جنوبی افریقی بلے باز جینمین ملان کے لیے بھی یہ سال یادگار رہا اور انہوں نے 8 میچوں میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 509رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز نے بابر اعظم کو کپتان مقرر کردیا

پاکستان کے خلاف واحد میچ میں 70 رنز بنانے کے بعد ملان نے آئرلنیڈ کے خلاف دو میچوں میں 261 رنز جڑ دیے تھے اور سری لنکا کے خلاف بھی سنچری سمیت 162 رنز بنائے تھے۔

سال 2021 میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اسٹرلنگ نے 14 میچوں میں تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 705 رنز اسکور کیے۔

آئرلینڈ کی ٹیم تو ناکامیوں سے دوچار رہی لیکن اس دوران اسٹرلنگ تن تنہا رنز کے انبار لگاتے رہے جس کا آغاز انہوں نے جنوری میں متحدہ امارات کے خلاف سنچری سے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی عظمت اور ناقدین کی گراوٹ کی انتہا

افغانستان کے خلاف سیریز میں 285 رنز بھی آئرلینڈ کو 0-3 کے کلین سوئپ سے نہ بچا سکے اور پھر نیدرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں شکست کے باوجود وہ آئرلینڈ کی طرف سے سب سے بہترین بلے باز تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے سال کے بہترین ٹی20 کھلاڑیوں کے ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا اور اس فہرست میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز بھی شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024