• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عارف لوہار اور ان کے کم سن بیٹے کی پرفارمنس نے لوگوں کے دل جیت لیے

شائع December 30, 2021
باپ اور بیٹے نے شادی کی تقریب میں پرفارمنس کی—اسکرین شاٹ
باپ اور بیٹے نے شادی کی تقریب میں پرفارمنس کی—اسکرین شاٹ

معروف پنجابی لوک گلوکار عارف لوہار کی حال ہی میں ایک شادی کی تقریب میں کم سن بیٹے کے ساتھ کی گئی پرفارمنس کی ویڈیو نے لوگوں کے دل جیت لیے۔

عارف لوہار کی حال ہی میں شادی کی تقریب کے دوران کی گئی پرفارمنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں انہیں اپنے کم سن بیٹے کے ہمراہ پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عارف لوہار اپنے بیٹے کے ہمراہ مقبول پنجابی بھنگڑا گانوں پر رقص کررہے ہیں۔

ویڈیوز میں عارف لوہار کا کم سن بیٹا بڑی مہارت سے ڈھول بجانے کے علاوہ شاندار انداز میں لوک رقص کررہا ہے۔

شادی کی تقریبات کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد کئی لوگوں نے باپ اور بیٹے کی تعریفیں کیں اور ان کی پرفارمنس کو سراہا۔

زیادہ تر لوگوں نے عارف لوہار کے بیٹے کی پرفارمنس اور مہارتوں کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔

اگرچہ پہلی بار عارف لوہار اور ان کے کم سن بیٹے کی پرفارمنس کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، تاہم گلوکار کے بیٹے پہلے ہی موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ چکے تھے۔

عارف لوہار نے اپنے تینوں کم سن بیٹوں کو رواں برس اگست میں موسیقی کی دنیا میں متعارف کرایا تھا۔

عارف لوہار نے اپنے تینوں بیٹوں کا پہلا گانا اگست میں اپنے یوٹیوب پر جاری کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

گلوکار نے مئی 2021 میں اپنے یوٹیوب پر بیٹوں کو موسیقی میں متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مئی میں ہی 27 رمضان المبارک کی شب ان کی اہلیہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔

گلوکار نے اہلیہ کی وفات کے بعد بیٹوں کے ہمراہ یوٹیوب پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد ہی وہ اور ان کے بیٹے موسیقی کی دنیا میں شائقین کا دل بہلاتے ہوئے دکھائی دیں گے۔

بعد ازاں انہوں نے بیٹوں کو اگست میں موسیقی کی دنیا میں متعارف کراتے ہوئے ان کے ساتھ مختلف تقریبات میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیے۔

عارف لوہار کے والد عالم لوہار بھی فوک اور لوک گلوکار تھے جب کہ انہوں نے اپنے ایک بیٹا کا نام والد کی نسبت سے عالم ہی رکھا ہے۔

عارف لوہار کے بیٹوں کے نام عالم، عامر اور علی لوہار ہیں اور انہوں نے بیٹوں کو ’لوہار بوائز‘ کے نام سے موسیقی کی دنیا میں متعارف کرا رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024