• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حدیقہ کیانی کا طویل عرصے بعد میوزک ایلبم ریلیز کرنے کا اعلان

شائع December 30, 2021
گلوکارہ کے مطابق وہ 2022 میں ایلبم ریلیز کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ کے مطابق وہ 2022 میں ایلبم ریلیز کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

رواں سال اداکاری کا آغاز کرنے والی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ سال 2022 میں طویل عرصے بعد پہلا میوزک ایلبم ریلیز کریں گی، جس کی شاعری انہوں نے اور ان کی والدہ سمیت دیگر افراد نے لکھی ہے۔

حدیقہ کیانی نے حال ہی میں جرمن نشریاتی ادارے ’ڈی ڈبلیو اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں گلوکاری اور اداکاری سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ مشکل پشتو زبان میں گلوکاری کرنے میں پیش آئی۔

گلوکارہ نے چینی اور فرانسیسی زبان کو بھی مشکل قرار دیا اور بتایا کہ انہوں نے متعدد زبانوں میں گیت گائے مگر انہیں سب سے زیادہ مشکل زبان پشتو لگی۔

حدیقہ کیانی نے نئے گلوکاروں کی جانب سے پرانے کلاسیکل گانوں کو نئے انداز میں پیش کرنے کے عمل کو سراہا، تاہم کہا کہ اگر نئے گلوکار پرانے گانوں کو ماضی کے مقابلے زیادہ بہتر موسیقی اور انداز میں پیش نہیں کر سکتے تو پھر ان کے عمل کو کلاسیکل گانوں کی موت قرار دیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: والدہ کی بیماری کے باعث حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پلے بیگ گلوکاری کا آغاز ’سرگم‘ فلم سے کیا، جس کے بعد انہوں نے خود بھی شاعری لکھی اور بطور گلوکارہ انہوں نے کئی تجربات کیے، صوفیانہ کلاموں سے لے کر پاپ موسیقی تک انہوں نے طبع آزمائی کی۔

گلوکاری و اداکاری میں سے انہوں نے اداکاری کو زیادہ مشکل قرار دیا اور کہا کہ ایکٹنگ کے لیے لچک، سخت محنت، جذبات اور ٹیم ورک کا حوصلہ درکار ہوتا ہے جب کہ گلوکاری کے دوران کوئی بھی شخص تنہا بھی گانا گا سکتا ہے۔

اپنی اداکاری سے متعلق حدیقہ کیانی نے بتایا کہ ’رقیب سے‘ ڈرامے میں ان کا کردار کافی بہادرانہ تھا، اگرچہ ان کا کردار آغاز میں شوہر کا تشدد برداشت کرتا رہا مگر بعد میں بیٹی پر تشدد کی وجہ سے ان کے کردار نے بغاوت کی۔

اسی طرح انہوں نے بتایا کہ ’دوبارہ‘ میں بھی ان کا کردار کافی بولڈ ہے جو کہ معاشرتی روایات کے خلاف ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کا کردار سماجی اور مذہبی طورپر رائج روایات کو تبدیل کرے گا۔

مزید پڑھیں: حدیقہ کیانی کی والدہ کیلئے دعاؤں کی اپیل

حدیقہ کیانی نے کہا کہ ’دوبارہ‘ ڈرامے میں وہ ایک زائد العمر خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ نوجوان لڑکے سے محبت کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں حدیقہ کیانی نے بتایاکہ وہ سال 2022 میں طویل عرصے بعد اپنا پہلا میوزک ایلبم ’وصل‘ کے نام سے ریلیز کرنے جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’وصل‘ کی شاعری کمرشل نہیں بلکہ وہ مذکورہ ایلبم کو اپنی ذات کے لیے ریلیز کرنے جا رہی ہیں۔

گلوکارہ کے مطابق ’وصل‘ کی شاعری ان کی والدہ سمیت انہوں نے بھی لکھی ہے جب کہ کچھ گانے دیگر شاعروں نے بھی لکھے ہیں اور وہ طویل عرصے بعد میوزک کی دنیا میں واپسی کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی اور ہادیہ ہاشمی پہلی مرتبہ ایک ساتھ گلوکاری کیلئے تیار

خیال رہے کہ حدیقہ کیانی کا آخری میوزک ایلبم ’وجد‘ 2017 میں ریلیز ہوا تھا، جس میں صرف 5 گانے شامل تھے اور اب وہ 5 سال بعد آئندہ برس ایلبم ریلیز کریں گی۔

سال 2017 سے اب تک اگرچہ حدیقہ کیانی کو سنگل گانے گاتے دیکھا گیا اور انہوں نے بیرون ممالک کے علاوہ پاکستان میں ایوارڈز شو سمیت دیگر تقریبات میں بھی پرفارمنس کی مگر انہوں نے ایلبم ریلیز نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024