کراچی کے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 240 بسیں خرید رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے 240 بسیں خرید رہے ہیں اور 50 بسیں جنوری میں آئیں گی۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں مثالی پارک کے افتتاح کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے حکومت سندھ 240بسیں خرید رہی ہے اور 50 بسیں 31جنوری تک آجائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: جدید شہر بنانے کیلئے کراچی کا مینجمنٹ سسٹم ٹھیک کرنا ہوگا، وزیراعظم
خیال رہے کہ 10 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی ایس) منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ جدید شہر جدید ٹرانسپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتا اور اگر آپ چین کے جدید شہر دیکھیں تو وہ شہر بے انتہا آبادی کے باوجود اس لیے کامیابی سے چلتے ہیں کیونکہ وہاں جدید ٹرانسپورٹ کا نظام ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے شاہ فیصل میں مثالی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ 65 ایم جی ڈی واٹر پروجیکٹ پر بھی کام چل رہا ہے، مختلف منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے، فراہمی آب کے لیے حب سے خصوصی لائن ڈالی جارہی ہے، جس سے ضلع غربی کے مکینوں کو سہولت ملے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی والے آئندہ دنوں میں بہتر تبدیلی دیکھیں گے، ہم ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کاوعدہ کرنے والوں کی طرح مکرنہیں گئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ناکام ہوگئی ہے اور لوگوں سے روزگار چھین لیا، عوام چولہے ٹھنڈے کردیے، آٹا، چینی، گیس اور پیٹرول کا بحران پیدا کر دیا اور پھر کہتے ہیں پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر تعینات
ان کا کہنا تھا کہ آج صرف کراچی میں مہنگائی نہیں بلکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی مہنگائی کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں، ایک سال کے اندر مہنگائی ساڑھے12 فیصد بڑھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف بحران دیے ہیں، اخلاقیات کا بحران سب بحرانوں سے بڑا ہے، جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، یہ غلط بیانی پر مبنی اور سنجیدگی سے عاری حکومت ہے، حکومت کا کام بُری خبریں سنانا نہیں بلکہ مسائل حل کرنا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ کہنا ان کی نااہلی ہے کہ سردیوں میں گیس کی کمی ہوگی، بجلی، گیس، آٹا، چینی، پیٹرول اور فرٹیلائیزر کے بحران پیدا کرکے لوگوں کو تباہی کی طرف لے جایا جارہا ہے، ایسی مثال پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی کے باعث صنعت کاروں کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور بتایا کہ وہ گیس کی قلت کے باعث برآمدات کے آرڈرز پورے نہیں کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے، 65 سے67 فیصد گیس سندھ سے نکلتی ہے لیکن اس کے مکین گیس کو ترس رہے ہیں، ہماری ماؤں، بہنوں کے پاس گیس نہیں، ہم زرعی ملک ہیں اب کھاد کی کمی بھی سراٹھا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کی معافی، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم واپس
ان کا کہنا تھا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے،آئین کے آرٹیکل 158کے تحت جو صوبہ گیس پیدا کرتا ہے، پہلا حق اسی کا ہے مگر سندھ کو اس کاآئینی حصہ نہیں دیاجارہا ہے۔
کراچی کے پارکوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری پارک پرعدالتی فیصلے پرعمل درآمد کروائیں گے، دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے تمام پارکوں کو بحال کر کے شہریوں کے لیے کھولیں گے، موسم سرما ختم ہوتے ہی بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔