• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سال کے بہترین ٹی20 کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے رضوان نامزد، بابر نظرانداز

شائع December 29, 2021
رضوان نے رواں سال ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ایک ہزار 326 رنز اسکورک یے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
رضوان نے رواں سال ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ایک ہزار 326 رنز اسکورک یے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال کے بہترین ٹی20 کھلاڑی کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا، پاکستان کے محمد رضوان سمیت چار کھلاڑیوں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے تاہم قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا نام اس فہرست میں شامل نہیں۔

ٹی20 کرکٹ میں سال 2021 محمد رضوان کے نام رہا جنہوں نے ایک ہی سال میں کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 کرکٹ کا سال 2021 رضوان کے نام، متعدد ریکارڈز توڑ ڈالے

پاکستان وکٹ کیپر بلے باز نے 29 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر ایک ہزار 326 رنز بنائے جو ایک سال میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے اسکور کیے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

انہوں نے رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں کیریئر کی پہلی ٹی20 سنچری اسکور کی اور پھر سال کا اختتام ویسٹ انڈیز کے خلاف 87رنز کی اننگز کے ذریعے کیا۔

اس دوران انہوں نے سب سے یادگار اننگز ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلی جب پاکستان نے روایتی حریف کے خلاف 152رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا اور اس اننگز میں بھی رضوان نے 55 گیندوں پر 79رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

رضوان نے وکٹوں کے عقب میں 24 شکار بھی کیے جس کی وجہ سے وہ اس ایوارڈ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 20 منٹ تاخیر ہوتی تو سانس اور خوراک کی نالیاں پھٹ جاتیں، رضوان

رضوان کے ساتھ ایوارڈ کے لیے انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

سری لنکن اسپنر ونندو ہسارنگا نے بھی سال 2021 میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 20 میچوں میں 36 وکٹیں لیں اور عالمی نمبر ایک باؤلر بننے میں کامیاب رہے۔

اس حوالے سے ان کے لیے ٹی20 ورلڈ کپ بہت یادگار رہا جس میں وہ 16 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہسارنگا نے جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ میچ میں یادگار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض تین وکٹیں لی تھیں۔

مزید پڑھیں: سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کے ’آئی سی یو‘ میں رہنے کا انکشاف

آسٹریلین کرکٹر مچل مارش کے لیے 2021 ایک یادگار سال رہا اور انہوں نے 27 میچوں میں 627 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بہتر فٹنس کے ساتھ اس سال شاندار انداز میں کھیل میں واپسی کرنے والے مارش نے ورلڈ کپ میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور 6 میچوں میں 146 کے اسٹرائیک ریٹ سے 185 رنز اسکور کیے تھے۔

انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے بھی 2021 میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 14 میچوں میں 65.44 کی اوسط سے 589 رنز اسکور کیے۔

انہوں نے اس سال ورلڈ کپ کی پہلی سنچری اسکور کی اور 269 رنز کے ساتھ ایونٹ میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں انہوں نے یادگار کھیل پیش کیا تھا اور چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم میچ میں 26 رنز سے کامیاب رہی تھی۔

جوز بٹلر نے 2021 میں وکٹوں کے عقب میں 13 شکار بھی کیے۔

2021 میں محمد رضوان کے بعد سب سے زیادہ 939 رنز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اسکور کیے لیکن حیران کن طور پر انہیں ایوارڈ کے لیے نامزد تک نہیں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024