• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اہلیہ سے علیحدگی کی خبریں جھوٹی ہیں، اظفر رحمٰن

شائع December 29, 2021
اداکار کے مطابق انہیں ایک بیٹا ہے اور ان کی زندگی خوشی سے گزر رہی ہے—اسکرین شاٹ
اداکار کے مطابق انہیں ایک بیٹا ہے اور ان کی زندگی خوشی سے گزر رہی ہے—اسکرین شاٹ

اداکار اظفر رحمٰن نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے جھوٹ اور منافقت کی وجہ سے ہی اہل خانہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے۔

اداکار نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سمیت شوبز انڈسٹری پر بھی کھل کر باتیں کیں اور اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ پاکستان میں سینما بند ہوجائیں گے۔

اظفر رحمٰن نے کہا کہ انہیں پاکستانی فلموں کی کم ریلیز اور فلمیں نہ بننے کی وجہ سے ڈر ہے کہ کہیں پاکستان میں سینما بند ہی نہ ہوجائیں۔

اداکار نے بتایا کہ سینماؤں میں بھارتی یا ہولی وڈ فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو ان کا کاروبار چلتا ہے، تاہم پاکستانی فلمیں کم بنتی ہیں یا پھر پرانی پاکستانی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں، جس وجہ سے سینماؤں کی کمائی کم ہوجاتی ہے۔

اداکارہ نے فریحہ شیخ سے فروری 2017 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے فریحہ شیخ سے فروری 2017 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے دلیل دی کہ سینما مالکان کے بھی کئی اخراجات ہوتے ہیں، اس لیے وہ بہت زیادہ نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔

اظفر رحمٰن نے اپنے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بھی باتیں کیں جب کہ پہلی بار انہوں نے ذاتی زندگی پر بھی کھل کر رائے کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اظفر رحمٰن شادی کے بندھن میں بندھ گئے

اداکار نے بتایا کہ ان کی شادی پسند کی ہے، انہوں نے اہلیہ کو دوستوں کی محفل میں دیکھا اور انہیں شادی کی پیش کش کردی، جس پر وہ رضامند ہوگئیں۔

اظفر رحمٰن نے بتایا کہ زندگی کی سب سے اچھی باتیں وہ ہوتی ہیں جن سے متعلق پہلے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جاتی اور ان کی شادی بھی ایسی ہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ جس رات ان کی شادی ہونی تھی، اسی شام کو وہ ڈیزائنر نومی انصاری کے پاس شیروانی لینے گئے تو ڈیزائنر حیران رہ گئے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن نے واضح کیا کہ ان کی اور اہلیہ کی علیحدگی سے متعلق خبروں میں کوئی سچائی نہیں، ان کی زندگی پرسکون اور اچھی گزر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: اظفر رحمٰن کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع

اداکار نے بتایا کہ ان کی خوشحال شادی شدہ زندگی کو پانچ سال مکمل ہونے والے ہیں اور ان کا ایک پیارا سا بیٹا بھی ہے۔

اظفر رحمٰن نے بتایا کہ ان کی اہلیہ فریحہ شیخ نے انہیں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے سے روک رکھا ہے، وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی تصاویر شیئر کی جائیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ اس لیے بھی سوشل میڈیا پر ذاتی زندگی اور اہل خانہ کی تصاویر شیئر نہیں کرتے کہ لوگ وہاں پر منفی کمنٹس کرتے ہیں اور تجاویز دیتے رہتے ہیں کہ اس سے اچھا تھا کسی اور سے شادی کرلیتے۔

خیال رہے کہ اظفر رحمٰن نے فروری 2017 میں فریحہ شیخ سے شادی کی تھی، جن کا شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں، رواں برس فروری میں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

اب اظفر رحمٰن نے بتایا ہے کہ انہیں ایک بیٹا بھی ہے اور وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ انتہائی پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔

اظفر رحمٰن نے مئی 2019 میں ایک شو کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک بار انہوں نے اہلیہ کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی تو اس پر لوگوں نے کمنٹس دینا شروع کیے تو اس سے اچھا تھا کہ فلاں اداکارہ سے شادی کرلیتے۔

اظفر رحمٰن نے بتایا تھا کہ لوگوں کے منفی کمنٹس کی وجہ سے ہی انہوں نے اہلیہ کے ہمراہ تصاویر شیئر کرنا بند کیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024