یاسر حسین مزید چار سے پانچ بچوں کے خواہشمند
اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز کو شادی کی دوسری سالگرہ پر منفرد انداز میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے مزید چار سے پانچ بچوں کی خواہش ظاہر کردی۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر مزاحیہ انداز میں اہلیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں دو سال گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔
اداکار نے لکھا کہ ان کے پچھلے دو سال کیسے گزرے صرف وہ ہی اس بات کو جانتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اقرا عزیز اور یاسر حسین شادی کے بندھن میں بندھ گئے
یاسر حسین نے لکھا کہ انہیں سمجھ میں آگیا کہ شادی کیا ہوتی ہے اور آزادی کیا چیز ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس کی وضاحت کی کہ شادی کتنا خوبصورت رشتہ ہے انہیں معلوم ہوگیا۔
اداکار نے مزید لکھا کہ اقرا عزیز کے آنے سے ان کے گھر اور زندگی میں رونق سی آگئی ہے، ہر وقت شور شرابا لگا رہتا ہے۔
یاسر حسین نے دعا کی کہ ان کی باقی زندگی بھی یوں ہی شور شرابے اور پیار میں گزر جائے۔
ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں دعا کی کہ انہیں بیٹے کبیر حسین خان جیسے مزید چار سے پانچ بچے ہوں۔
مزید پڑھیں: یاسر حسین نے دنیا کو نئے انداز میں دیکھنا سکھایا، اقرا عزیز کا شادی کی سالگرہ پر پیغام
اداکار نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کے ہمراہ کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی اور متعدد شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
یاسر حسین اور اقرا عزیز نے 28 دسمبر 2019 کو شادی کی تھی، رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل انہوں نے اسی سال منگنی کی تھی۔
شادی کی پہلی سالگرہ منانے کے بعد ان کے ہاں رواں برس جولائی میں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی۔
حال ہی میں دونوں نے بیٹے کبیر حسین خان کے نام سے انسٹاگرام اکاؤنٹ بناتے ہوئے وہاں پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔