• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

میانمار: ریاست کایا میں فوج کی کارروائی، خواتین، بچوں سمیت 30 افراد ہلاک

شائع December 25, 2021
میانمار کی فوج نے بتایا کہ دہشت گردوں کو مارا گیا ہے—فوٹو: اے پی
میانمار کی فوج نے بتایا کہ دہشت گردوں کو مارا گیا ہے—فوٹو: اے پی

میانمار کی فوج نے ریاست کایا میں کارروائی کرتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد کو ہلاک کردیا اور لاشوں کو آگ لگادی۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میڈیا، مقامی افراد اور انسانی حقوق کی تنظمیوں نے بتایا کہ کشیدگی کی شکار ریاست کایا میں بدترین فوج نے خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: میانمار: فوج کے خلاف اکسانے کا الزام، آنگ سان سوچی کو 4 سال کی سزا

کیرنی ہیومن رائٹس گروپ کا کہنا تھا کہ انہیں مقامی طور پر بے گھر(آئی ڈی پیز) کی جھلسی ہوئی لاشیں ملی ہیں، ہلاک افراد میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل ہیں، جنہیں میانمار کی حکمران فوج نے ہپروسو قصبے کے علاقے موسو کےقریب نشانہ بنایا۔

انسانی حقوق کی تنظیم نے فیس بک پر بیان میں کہا کہ ‘ہم اس وحشیانہ اور غیرانسانی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں’۔

سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میانمار کی فوج نے کہا کہ گاؤں میں موجود مسلح اپوزیشن فورسز کے کئی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد 7 گاڑیوں میں تھے اور فوج کے کہنے کے باوجود وہ نہیں رکے۔

انسانی حقوق کی تنظیم اور مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئیں تصاویر میں جھلسی ہوئی لاشیں نظر آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار کے کیرن گوریلاز کا فوجی بیس پر قبضہ، حکومت کی جوابی کارروائی

میانمار کی فوجی حکومت کی مخالف کیرینی نیشنل ڈیفنس فورس نے کہا کہ ہلاک افراد ان کے ارکان نہیں ہیں جبکہ مقامی افراد تنازع کی وجہ سے بے گھر ہیں۔

گروپ کے ایک کمانڈر نے بتایا کہ یہ سب دیکھ کر ہمیں دھچکا لگا کہ بچوں، خواتین اور بزرگ سمیت مختلف عمر کے افراد کی لاشیں ہیں۔

ایک شہری نے سیکیورٹی کے باعث شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ آگ لگانے کے واقعے سے باخبر تھے لیکن جائے وقوع پر اس لیے نہیں جاسکے کیونکہ وہاں فائرنگ ہو رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح میں وہاں گیا تو دیکھا کہ کئی لاشوں کو جلایا گیا تھا اور اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کے کپڑے پھیلے ہوئے تھے۔

میانمار کی فوج تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب ایک اور علاقے میں بھی کارروائیوں میں مصروف ہے جہاں راکٹ سرحد کی دوسری جانب تھائی لینڈ میں جاگرا، جس کے نتیجے میں ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ میانمار میں رواں برس فروری میں فوج کی جانب سے آنگ سانگ سوچی پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگا کر ان کی سول حکومت کیے جانے کے بعد بدامنی اور کشیدگی جاری ہے۔

عالمی مبصرین نے میانمار کے انتخابات کو شفاف قرار دیا تھا اور فوج کی جانب سےحکومت پر قبضے کے بعد مزاحمت کرنے کے لیے کئی گروپ سامنے آئے تھے۔

مزید پڑھیں: میانمار میں فوج کے اقتدار کے 100 روز، ملک پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ

میانمار کی فوج نے ملک میں منتخب سیاسی حکومت ختم کرنے کے بعد دیگر سیاست دانوں سمیت آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت مقدمات قائم کیے تھے۔

رواں ماہ آنگ سان سوچی کو فوج کے خلاف اکسانے اور کووڈ۔19 قوانین کی خلاف ورزی پر چار سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

فوج کے اس عمل کے خلاف یکم فروری سے ہی ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو تا حال جاری ہے، جس میں اب تک فورسز کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جس کے باعث متعدد مظاہرین ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

منتخب اراکین پارلیمنٹ کے گروپ، جو روپوش ہیں، کی جانب سے ایک خفیہ پارلیمنٹ قائم کی گئی ہے جسے انہوں نے کمیٹی برائے پیئیڈونگسو ہلوٹو (چی آر پی ایچ) کا نام دیا ہے، جس کا مقصد فوجی حکومت کی مذمت کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024