• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلےمیں پاک فوج کا سپاہی شہید

شائع December 25, 2021
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کی صفائی کے لیے کارروائی کی—فائل/فوٹو: اے پی پی
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کی صفائی کے لیے کارروائی کی—فائل/فوٹو: اے پی پی

خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع شمالی وزیرستان کےعلاقے شیوا میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کا پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر جواب دیا اور دہشت گردوں سے مقابلہ کیا۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، کالعدم ٹی ٹی پی رہنما کے ساتھی سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 32 سالہ نائیک نور مرجان شہید ہوگئے، جن کا تعلق کرم سے تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ 18 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سرکردہ رہنما مولوی فقیر محمد کے ساتھی سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کالعدم ٹی ٹی پی کے مولوی فقیر محمد کے قریبی ساتھی غفور عرف جلیل کو کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے غفور دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھا اور اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے پر سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، دو سپاہی شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

اس سے قبل 27 نومبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاک فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چترال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نائیک رحمٰن اور ٹانک سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ لانس نائیک عارف شہید ہوگئے۔

قبل ازیں 27 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں دہشت گردوں کی جانب سے پاک-افغان سرحد میں لگی باڑ عبور کرنے کی کوشش پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہیدہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید

ضلع باجوڑ میں 21 اکتوبر کو ریموٹ کنٹرول دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ کے علاقے ڈبرائی میں آئی ای ڈی دھماکا سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ہوا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے 28 سالہ لانس نائیک مدثر اور 26 سالہ سپاہی جمشید شہید ہوئے جن کا تعلق بالترتیب کوہاٹ اور کراچی سے تھا۔

دھماکے میں 2 پولیس کانسٹیبلز سپاہی عبدالصمد اور سپاہی نور رحمٰن بھی شہید ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024