• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب میں خیبرپختونخوا جیسی شکست سے بچنے کیلئے وزیر اعظم متحرک

شائع December 24, 2021
وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم تیزی سے کی جانی چاہیے— فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم تیزی سے کی جانی چاہیے— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کردیں جس کا وزیر اعظم خود جائزہ لیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے سیکریٹریٹ میں حکومتی عہدیداران اور سیاسی قیادت کے اجلاس میں وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ امیدواروں کے غلط انتخاب کی وجہ سے پارٹی کو اپنے ہی گڑھ خیبر پختونخوا میں شکست ہوئی۔

وزیر اعظم کا حوالہ دیتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ ’انہوں نے کہا کہ حکومت اور قیادت کو امیدوار کے انتخاب میں میرٹ پر سختی کرنی چاہیے تاکہ خاندانی سیاست سے بچا جاسکے، اسی وجہ سے پارٹی کو خیبر پختونخوا میں نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ جو غلطیاں خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں وہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں نہ دہرائی جائیں اور امیدواروں کو میرٹ پر منتخب کیا جائے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات میں حریف جماعتوں کی پی ٹی آئی پر برتری

وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی، مخالفین کو مشکل وقت دے گی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت نے خیبر پختونخوا میں آزاد اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کروائے، اس دوران کسی نے پولنگ عملے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی نہ شکست کے بعد کسی دھاندلی کا الزام لگایا، اس کے بجائے وزیر اعظم نے جماعت کے اراکین کو کہا کہ امیدوار کا انتخاب میرٹ پر نہ کرنے سے خاندانی سیاست کو فروغ مل رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، بلدیاتی انتخابات میں خیبر پختونخوا کی دوسری بڑی جماعت ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا صوبے سے صفایا ہوچکا ہے۔

وزیر اعظم نے حکومت اور پارٹی کے رہنماؤں کو کہا کہ سینئر اور تجربہ کار رہنماؤں سے رابطہ کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں مقابلے کے لیے پوری طاقت لگا دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ جلد از جلد انتخابات کروانا چاہتے ہیں تاکہ اقتدار اور فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات: خیبرپختونخوا کے اکثر پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم تیزی سے کی جانی چاہیے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزادر، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر صحت یاسمین راشد اور پارٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے پنجاب کے وزیر آبپاشی محسن لغاری سے ملاقات کی جس میں سندھ کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے دریا کی نگرانی کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن لغاری نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جس ٹیم نے پنجاب کا دورہ کیا ہے اس کا تونسہ بیراج پر شاندار استقبال کیا گیا تاہم، جب ٹیم گڈو بیراج پہنچی تو سندھ حکومت نے ان سے تعاون نہیں کیا جس پر وزیر اعظم نے تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کو صوبے میں جاری آبپاشی کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024