• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت: لدھیانہ میں عدالتی عمارت میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

شائع December 23, 2021
دھماکے سے بیت الخلا کی دیواریں اور دیگر کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے — فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز
دھماکے سے بیت الخلا کی دیواریں اور دیگر کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے — فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں عدالتی عمارت میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے شمال میں لدھیانہ کے جوڈیشل کمپلیکس کے بیت الخلا کے قریب دھماکے کے بعد فوٹیج میں پولیس افسران کو زخمیوں کو عمارت سے باہر لاتے اور دیگر افراد کو احاطے سے نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وکلا ہڑتال پر تھے جس کی وجہ سے دھماکے کے باعث جانی نقصان کم ہوا۔

جائے وقوع پر موجود پولیس افسر نے کہا کہ ’عمارت میں دھماکا ہوا ہے لیکن ہم نوعیت کی ابھی تصدیق نہیں کر سکتے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ دھماکے سے چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو بعد ازاں دم توڑ گئے‘۔

مقامی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دھماکے سے بیت الخلا کی دیواریں اور دیگر کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ کورٹ کمپلیکس کی دوسری منزل پر قائم ریکارڈ روم میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیم نے تفتیش شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: کیمیکل کے گودام میں دھماکا، خواتین سمیت 12 افراد ہلاک

ریاستی وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ حکومت ’الرٹ‘ تھی اور انہوں نے واقعے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں جلد جائے وقوع پر پہنچ رہا ہوں اور ریاست کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مجرمان کو بخشا نہیں جائے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جو بھی ریاست کا امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024