• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی (ف) 17 نشستوں پر کامیاب

شائع December 22, 2021
پشاور میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار حاجی زبیر علی مبارکبادیں وصول کرتے ہوئے— تصویر: وائٹ اسٹار
پشاور میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار حاجی زبیر علی مبارکبادیں وصول کرتے ہوئے— تصویر: وائٹ اسٹار

پشاور: اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مزید 2 تحصیل کونسلوں کی چیئرمین شپ جیت لی جس کے بعد خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں اس کی حاصل کردہ نشستوں کی تعداد 17 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن نے 19 دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں اب تک 47 تحصیلوں کا نتیجہ جاری کیا ہے جس میں جے یو آئی (ف) کو برتری حاصل ہے۔

علاوہ ازیں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 12 تحصیلوں کی چیئرمین شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

صوبائی دارالحکومت میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار حاجی زبیر علی کو 62 ہزار 388 ووٹس کے ساتھ پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش کے 50 ہزار 659 ووٹوں پر 11 ہزار کی برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: امیدواروں کا غلط چناؤ شکست کی بڑی وجہ بنی، وزیراعظم

تاہم میئر کے انتخاب کا نتیجہ ای سی پی نے 6 پولنگ اسٹیشنز پر نقصِ امن کے باعث ووٹنگ ملتوی ہونے کے باعث روک دیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ زبیر علی کی برتری اتنی زیادہ ہے کہ 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کے نتیجے میں بھی اس کے برقرار رہنے کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت کی بقیہ چھ تحصیل چیئرمین کی نشستوں میں سے جے یو آئی (ف) نے 4 نشستیں حاصل کیں جبکہ پی ٹی آئی اور اے این پی نے تحصیل کونسل کی ایک، ایک نشست جیت لی۔

حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے 14 اراکین صوبائی اور 5 اراکین قومی اسمبلی ہونے کے باوجود صوبائی دارالحکومت میں بُری کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 7 تحصیلوں میں سے صرف ایک کی چیئرمین شپ حاصل کر سکی۔

مزید پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، میئر پشاور کی نشست پر جے یو آئی (ف) کامیاب

ان دونوں جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار نشستوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر رہے اور صوبے کے مختلف علاقوں سے 7 تحصیلوں کی چیئرمین شپ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے تحصیل کونسل چیئرمین کی 6، مسلم لیگ (ن) نے 3 جبکہ جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور تحریک اصلاحات پاکستان نے ایک، ایک نشست جیتی۔

خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 63 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے جس میں سے الیکشن کمیشن نے 47 کامیاب امیدواروں کے نام جاری کیے ہیں جبکہ بقیہ نتائج دوبارہ پولنگ کے باعث روک لیے ہیں یا بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ضلع کرک اور لکی مروت کی 4، 4 تحصیلوں میں سے کسی ایک کے بھی نتیجے کا اعلان نہیں کیا جبکہ خیبر کی 2، مہمند کی ایک، ڈیرہ اسمٰعیل خان کی ایک جبکہ باجوڑ کی 2 تحصیلوں کا نتیجہ بھی ابھی تک نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: بلدیاتی انتخابات میں حریف جماعتوں کی پی ٹی آئی پر برتری

صوبائی الیکشن کمشنر نے کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان اور بنوں اضلاع کی تین تحصیلوں میں الیکشن روک دیا تھا۔

اس حوالے سے ای سی پی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ جن علاقوں میں دوبارہ پولنگ ہوگی ان کے اعداد و شمار اب تک مرتب نہیں کیے گئے ہیں، ہم اس معاملے پر کام کر رہے ہیں اور آئندہ چند روز میں تفصیلات فراہم کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024