• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وقت نے ثابت کردیا پچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی، مولانا فضل الرحمٰن

شائع December 20, 2021
مولانا فضل الرحمٰن کوئٹہ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز
مولانا فضل الرحمٰن کوئٹہ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور ہے اور حالات نے ثابت کردیا کہ پچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اس وقت تحصیلوں اور یونین کونسل کی سطح پر سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

مزید پڑھیں:بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، میئر پشاور کی نشست پر جے یو آئی (ف) کامیاب

ان کا کہنا تھا کہ اب حالات نے ثابت کردیا کہ پچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اور اب بھی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے لیکن جو قوتیں اور نادیدہ قوتیں جمعیت کے سامنے رکاوٹیں بنتی ہیں اور ہمارا مذہبی لباس ہے، ہم علما کی جماعت ہیں، دین اسلام اور امت مسلمہ کی بات کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی روح سے قرآن وسنت کے نظام کی بات کرتے ہیں، تو سمجھتے ہیں کہ اگر یہ لوگ اوپر آگئے تو امریکا اور مغربی دنیا کیا سوچے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مغربی دنیا نے افغانستان کے طالبان کے ساتھ صلح کرلی اور ہم ان کے لیے ناقابل قبول نہیں ہوں گے، لہٰذا یہ سوچ ختم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک جماعت کو کنٹرول میں رکھنا ہے اور آگے نہیں جانے دینا، یہ سوچ شکست کھا چکی ہے، اب راستے کھول دو اور ہمیں آگے بڑھنے دو۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: بلدیاتی انتخابات میں حریف جماعتوں کی پی ٹی آئی پر برتری

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ ہم پاکستان کو ان سے بہتر چلائیں گے، ہمیں پاکستان چلانا آتا ہے اور خدا کے فضل سے ہم دیانت دار لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ من حیث الجماعت جمعیت علمائے اسلام پر کسی قسم کے کرپشن کی باتیں نہیں ہیں، اب تو ثابت ہوگیا کہ کرپشن کی باتیں بھی ایک ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں چاہے کوئی ہیں یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس طرح کی چیزیں رہیں گی تو ملک کا کاروبار ٹھپ ہوجائے گا، سیاست دانوں کو بدنام کرنا، ان کی تذلیل کرنا یہ وطیرہ اب ختم ہوجانا چاہیے ورنہ جو لوگ سیاست دانوں کے خلاف اس طرح کا پروپیگنڈا کرتے ہیں وہ سیاست دانوں سے ہزار درجہ زیادہ کرپٹ لوگ ہیں۔

قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کچھ اور بڑھ گئے ہیں اندھیرے تو کیا ہوا، مایوس ہم نہیں طلوع سحر سے اب، طلوع سحر ہوگا اور اب تو خیبرپختونخوا نے پیغام دے دیا کہ یہ جعلی حکومت تھی۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کے خلاف پشاور میں میئر کی سیٹ جیت لی اور صوبے بھر میں کانٹے دار مقابلہ ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جے یو آئی (ف) کے زبیر علی نے 62 ہزار 388 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، پی ٹی آئی کے رضوان بنگش 50 ہزار 669 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے زارک ارباب نے 45 ہزار ووٹ حاصل کیے۔

اس طرح جے یو آئی (ف) کے امیدوار نے 2018 کے عام انتخابات میں صوبے میں دو تہائی اکثریت لینے والی جماعت کو پشاور سٹی میئر کے انتخاب میں ساڑھے 11 ہزار ووٹوں کے مارجن سے شکست دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024