وزیر اعظم اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ملک کو بدنام کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اس وقت جب ملک میں غیر ملکی وفود افغانستان کے حالات پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں وزیر اعظم اپنی اور اپنی حمایتی جماعتوں کی کرپشن چھپانے کے لیے ملک کو ’بدنام‘ کر رہے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان و رکن قومی اسمبلی مریم اورنگریب نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر وزیر اعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے عہدے سے دستبردار ہوجائیں۔
وزیر اعظم کی جانب سے غیر ملکی نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے اس انٹرویو میں ملک کی تباہی کے لیے سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بھی اپنے دور کے تین سال گزار چکی ہے، لیکن لگتا ہے کہ عمران خان اب تک ’شریف خاندان فوبیا‘ میں مبتلا ہیں، اسی لیے اپنی کارکردگی نمایاں کرنے کے بجائے ہر وقت نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لیتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیلفی لینے کیلئے مداح کی مریم اورنگزیب کے کاندھے پر ہاتھ رکھنے کی کوشش
یاد رہے کہ اپنے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک اس لیے غریب ہیں کیونکہ ان کے امیر حکمران دولت آف شور اکاؤنٹس میں منتقل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں کی سیاسی جماعتوں سے لڑنا مافیا سے لڑنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ دو پارٹیاں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ان کے خلاف دولت، ملک کے وسائل اور میڈیا کا استعمال کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اقتدار ہمیشہ ’دو بدعنوان خاندانوں‘ کے پاس رہا جو صرف دولت بنانے کے لیے اقتدار میں آئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے مذکورہ انٹرویو کو ’سیاسی‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا اس وقت جب او آئی سی اجلاس کے لیے اسلامی ممالک کے لیے وزرائے خارجہ پاکستان میں موجود ہیں، ایسے میں یہ ملک کی تصویر خراب کرنے اور تخریب کاری کی کوشش ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے اس سے قبل 2014 میں بھی ایسا ہی کیا تھا جب مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں چینی صدر پاکستان آئے تھے۔
مسلم لیگ کی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس ذہنی صلاحیت موجود نہیں ہے کہ او آئی سی اجلاس کی حساسیت اور اہمیت سمجھ سکیں، وہ کس طرح دنیا میں اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے سامنے پاکستان کی مثبت تصویر اجاگر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے ہے کیونکہ عمران خان کے پاس اپوزیشن کو ستانے، پریشان کرنے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ اپوزیشن پر ڈالنے کے علاوہ کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کمیشن لینے کا الزام: شہزاد اکبر نے مریم اورنگزیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بطور وزیر اطلاعات خدمات انجام دینے والی مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائد حزب اختلاف ہونے کے باوجود شہباز شریف کو ’من گھڑت‘ الزامات پر ایک سال سے زائد عرصہ جیل میں رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو سزائے موت کے مجرموں کے سیل میں قید کیا گیا، ہمارے خلاف طاقت، ہتھیاروں، قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ملک کے تمام اداروں کا غلط استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، لیگی رہنماؤں پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ان کے ’کرائے کے پٹھو‘ پہلے ہی عدالت میں شرمندہ ہوچکے ہیں کیونکہ انہوں نے جھوٹے مقدمات کے خلاف کبھی کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔