• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

این سی او سی اجلاس کے بعد کےپی، پنجاب میں سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان

شائع December 17, 2021
این سی او سی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ لاکھوں طلبہ کو اب تک ویکسین نہیں لگوائی گئی ہے — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
این سی او سی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ لاکھوں طلبہ کو اب تک ویکسین نہیں لگوائی گئی ہے — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے کرنے کے اعلان کے کچھ دیر بعد ہی خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب کی صوبائی حکومت نے بھی سردیوں کی چھٹیوں کی تاریخ دے دی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ صوبے میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 23 دسمبر سے 6 جنوری 2022 تک بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ برائے مہربانی ویکسین لگوائیے اور حکومت کی جانب سے جاری کی گئیں ایس او پیز پر عمل کریں۔

خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان تراکئی نے ٹوئٹر پر نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں میدانی علاقوں میں 3 جنوری 2022 سے 12 جنوری 2022 تک ہوں گی جبکہ پہاڑی اور جہاں برف باری ہوتی ہے، ان علاقوں میں موسم سرما کی چھٹیاں 24 دسمبر سے 28 فروری 2022 تک ہوں گی۔

خیال رہے کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔

حکومت سندھ نے اعلان کیا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے یکم جنوری 2022 تک ہوں گی، تمام سرکاری اور نجی اسکول 3 جنوری 2022 کو کھلیں گے۔

بلوچستان کی صوبائی حکومت نے 2 دسمبر کو موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا اور محکمہ سیکنڈری تعلیم سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سردیوں کی چھٹیاں سرد علاقوں میں 15 دسمبر سے 28 فروری 2022 تک ہوں گی۔

حکومت بلوچستان نے بتایا تھا کہ صوبے کے گرم علاقوں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی چھٹیاں ہوں گی۔

این سی او سی کا 3 جنوری سے تعطیلات کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے کرنے کا اعلان کردیا۔

این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، این سی او سی کی جانب سے والدین کو ہدایت دی گئی کہ جلد از جلد بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔

اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرنے کا معاملہ زیر غور آیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے ہوں گی۔

مزید پڑھیں: اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا حتمی فیصلہ کل این سی او سی اجلاس میں ہو گا

فورم کا کہنا تھا کہ تعطیلات ری شیڈول کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانا ہے، اسکول کھلے رکھنے سے لاکھوں طلبہ کورونا وائرس کی ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ لاکھوں طلبہ کو اب تک ویکسین نہیں لگوائی گئی ہے، والدین جلد از جلد اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں، علاوہ ازیں وہ شہری جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ بھی ویکسین لگوائیں۔

یاد رہے کہ این سی او سی کے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ برس جنوری کے وسط سے کرنے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ تعطیلات کا آغاز 25 دسمبر سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: موسم سرما کی تعطیلات پر وزارت تعلیم اور این سی او سی میں اختلاف

تاہم این سی او سی کی تجویز کے بعد وفاقی وزارت تعلیم نے اس موضوع پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی اور اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ منگل کے روز تمام صوبائی سیکریٹری تعلیم کے ساتھ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے شروع ہوں گی، اس حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ بھی کی۔

ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ ’آج وفاقی اور صوبائی سیکریٹریز کی ملاقات ہوئی جس میں متفقہ تجویز یہ تھی کہ موسم سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 4 جنوری تک ہونی چاہئیں‘۔

دوسری جانب حکومت سندھ یہ اعلان کرچکی ہے کہ صوبے میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے 3 جنوری تک ہوں گی۔

طلبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر موسم سرما کی چھٹیاں جلد دینے کا مطالبہ کیا گیا اور ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر وزیر تعلیم شفقت محمود کے حوالے سے میمز بنائی گئیں جن میں ان سے جلد چھٹیاں دینے کی درخواست کی گئی۔

اس سے قبل بھی شفقت محمود کو آن لائن امتحانات کے حوالے سے اسی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024