• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کے کیسز کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی

شائع December 16, 2021
ون ڈے سیریز آئندہ سال جون میں دوبارہ شیڈول کی جائے گی— فوٹو: اے پی
ون ڈے سیریز آئندہ سال جون میں دوبارہ شیڈول کی جائے گی— فوٹو: اے پی

پاکستان کے دورے آئی ویسٹ انڈین ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے میچوں کی سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔

بدھ کو کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں کھلاڑیوں سمیت مزید پانچ افراد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان میں وائرس کا شکار ہونے والے ویسٹ انڈین وفد کے کُل اراکین کی تعداد 9 ہو گئی تھی۔

مزید پڑھیں: مزید کورونا کیسز سامنے آنے پر ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان شبہات کا شکار

دونوں کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق سیریز کو ملتوی کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ سیریز آئندہ سال جون میں دوبارہ شیڈول کی جائے گی۔

اس حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے کووڈ پروٹوکولز کے تحت ویسٹ انڈیز کے 15 کھلاڑیوں اور عملے کے چھ اراکین کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کیے گئے اور تمام 21 اراکین کے یہ ٹیسٹ منفی آئے جس کے بعد تیسرا ٹی20 شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم دونوں ٹیموں کی فلاح کے ساتھ ساتھ دورے پر آئی ویسٹ انڈین ٹیم کے محدود وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے سیریز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کو دوبارہ جون 2022 میں شیڈول کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جسے آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے حوالے سے نمایاں اہمیت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز کے باوجود پاکستان، ویسٹ انڈیز کا تیسرا ٹی20 شیڈول کے مطابق ہو گا

بیان میں کہا گیا کہ اس سے ویسٹ انڈیز کو اپنے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں اتارنے کا یکساں موقع میسر آئے گا۔

اعلامیے کے مطابق جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آج منفی آئے ہیں وہ تیسرے ٹی20 کے بعد رات میں وطن واپس لوٹ جائیں گے جبکہ جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ وطن روانگی سے قبل کراچی میں اپنی آئسولیشن مکمل کریں گے اور پی سی بی ان کی کرسمس سے قبل وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے انتظامات کرے گا۔

دوسری جانب پاکستان کی ٹیم کے وہ تمام اراکین جن کے بدھ کو ہونے والے ٹیسٹ میں نتائج منفی آئے تھے، وہ بھی تیسرے ٹی20 کے بعد گھروں کو واپس لوٹ سکیں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے شنادار انتظامات اور سیریز جون 2022 میں دوبارہ شیڈول کرنے کے حوالے سے تعاون کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت، سیریز سے باہر

ٹی20 اور ون ڈے سیریز سیریز کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود ویسٹ انڈیز کے وفد کے 5 مزید اراکین آج کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جن میں 3 کھلاڑی بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان آنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر شیلڈن کوٹریل، آل راؤنڈرز روسٹن چیز اور کائل میئرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جبکہ ایک نان کوچنگ اسٹاف کے رکن میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

ون ڈے سیریز کے تینوں میچ بھی کراچی میں 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جانے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024