فواد خان کی’مس مارول‘ میں کاسٹ کیے جانے کی تصدیق
پاکستانی سپر اسٹار اور رومانوی ہیرو فواد خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی جلد ریلیز ہونے والی امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا حصہ ہیں۔
’مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالہ خان‘ نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔ خبریں تھیں فواد خان بھی مذکورہ ویب سیریز کا حصہ ہیں، تاہم اب اداکار نے بھی اس کی تصدیق کردی، تاہم اپنے کردار سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔
بھارتی شوبز ویب سائٹ ’فلم کمپینین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان نہ صرف امریکی ویب سیریز میں کام کرنے کے حوالے سے بات کی بلکہ انہوں نے بولی وڈ کیریئر پر بھی کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے اعتراف کیا کہ وہ بولی وڈ کو بہت یاد کرتے ہیں، کیوں کہ انہوں نے وہاں مختصر وقت میں اچھے دوست بنائے۔
فواد خان نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کو خوبصورت شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وہاں گزارا گیا وقت اور وہاں کے دوست بھی یاد آتے ہیں۔
فواد خان نے جلد ہی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر ریلیز ہونے والی اپنی ویب سیریز کے حوالے سے بھی بات کی اور انہوں نے کہا کہ وہ کئی سال بعد صنم سعید کے ساتھ اسکرین پر دکھائی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان پہلی مسلم ہولی وڈ سپر ہیرو سیریز ’مس مارول‘ میں کاسٹ؟
انہوں نے عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’زی فائیو‘ کی ویب سیریز کی کہانی بھی نہیں بتائی، تاہم بتایا کہ اس کی زیادہ تر شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔
انٹرویو کے دوران فواد خان نے مختصر طور پر یہ بھی بتایا کہ وہ پہلی مسلم لڑکی کے کردار پر بنائی جانے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
دوران انٹرویو فواد خان نے کہا کہ اب وہ ’مس مارول‘ میں کام کرنے کی خبر سے انکار نہیں کر سکتے، کیوں کہ اب پروڈکشن ہاؤس نے بھی ان کی خبر چلادی۔
انہوں نے تصدیق کہ وہ بھی ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے اپنے کردار سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔
’مس مارول‘ نامی ویب سیریز میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ، بولی وڈ اداکارہ نمرہ بچہ، بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: فواد خان اور صنم سعید کو ویب سیریز میں کاسٹ کیے جانے کی تصدیق
یہ بھی خبریں ہیں کہ اس میں بھارتی اداکار و فلم ساز فرحان اختر اور پاکستانی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔
مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔
تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔
’مس مارول‘ کا پہلا ٹیزر نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا اور ویب سیریز کو 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔