• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بابر اعظم ٹی20 میں عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم

شائع December 15, 2021
قومی ٹیم کے کپتان کی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
قومی ٹیم کے کپتان کی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں مایوس کن کارکردگی کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم کی ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: دوسرا ٹی20: ویسٹ انڈیز کو9 رنز سے شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی دونوں ٹی20 میچوں میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور اسی وجہ سے اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے اور دو درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

ٹی20کرکٹ نئی درجہ بندی میں انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان پہلے اور جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم ایک درجہ ترقی پاکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بابر اعظم تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ محمد رضوان چوتھے نمبر پر موجود ہیں، حیدر علی 88 درجے ترقی پانے کے بعد 98 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

باؤلنگ کے شعبے میں پہلا نمبر سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کا ہے، پاکستانی اسپنر اور نائب کپتان شاداب خان پانچ درجے ترقی پا کر نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تصاویر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی پاکستان کے نام

ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جو روٹ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے مارنس لبوشین دو درجے ترقی پاکر کیرئیر کی بہترین رینکنگ دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ ان کے ہم وطن اسٹیو اسمتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی بھی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد آٹھویں سے نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں محمد رضوان 18، فواد عالم 20 اور عابد علی 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں باؤلنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون کادوسرا نمبر ہے۔

مزید پڑھیں: ’اسٹیڈیم جاتے ہوئے ایسے تلاشی لی جاتی ہے جیسے میں دفعہ 420 کا مجرم ہوں‘

پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں اور حسن علی دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 12وکٹیں لینے والے پاکستانی اسپنر ساجد خان 52 درجے بہتری کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں 49 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پہلے نمبر، بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے اور رویندرا جدیجا تیسرے نمبر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024