• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا صرف ڈیڑھ گھنٹہ قبل بتایا گیا، کوہلی

شائع December 15, 2021
ویرات کوہلی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے حوالے سے بورڈ کے طریقہ کار پر مایوسی کا اظہار کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے حوالے سے بورڈ کے طریقہ کار پر مایوسی کا اظہار کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے بارے میں صرف ڈیڑھ گھنٹہ قبل انہیں آگاہ کیا اور اس بارے میں بورڈ نے کوئی مشاورت نہیں کی۔

کرک انفو کے مطابق بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے ان سے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

مزید پڑھیں: کوہلی کا ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان

ان کا کہنا تھاکہ 16ستمبر کو ان کی جانب سے ٹی20 ٹیم کی قیادت سے دستبرداری اور 8دسمبر کو دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان تک ان کی بورڈ سے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گفتگو نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت ٹی20 ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اس وقت بی سی سی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اس فیصلے کو مثبت قرار دیا تھا البتہ کوہلی کی یہ بات بورڈ کے صدر سارو گنگولی کے بیان کے بالکل برعکس ہے، جنہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کوہلی کو ان کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ویرات کوہلی نے انکشاف کیا کہ 8 دسمبر کو ٹیسٹ سیریز کے لیے سلیکشن کی میٹنگ سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل ان سے رابطہ کیا گیا تھا اور ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا بتایا گیا، اس سے قبل اس حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر چیتن شرما نے مجھ سے ٹیسٹ ٹیم پر مشاورت کی جس پر ہم دونوں نے اتفاق کیا اور کال ختم کرنے سے قبل مجھے بتایا گیا کہ پانچوں سلیکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ اب میں ون ڈے ٹیم کا کپتان نہیں ہوں گا جس پر میں نے جواب دیا کہ ’ٹھیک ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی کی جگہ روہت شرما بھارت کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان

انٹرنیشنل کرکٹ میں 70 سنچریاں بنانے والے بلے باز نے کہا کہ جب میں نے ٹی20 کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور اس بارے میں بی سی سی آئی کو آگاہ کیا کہ میں ان وجوہات کی وجہ سے قیادت چھوڑنا چاہتا ہوں تو اس فیصلے کو بہت مثبت طریقے سے لیا گیا، اس حوالے سے بورڈ کی جانب سے کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، مجھے قیادت چھوڑنے سے نہیں روکا گیا، مجھے کہا گیا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت اور درست فیصلہ ہے۔

ان کا کہناتھا کہ اس وقت میں نے ان سے کہا تھا کہ اگر بی سی سی آئی کو کوئی اعتراض نہ ہو تو میں ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھنا چاہتا ہوں اور میں نے انہیں یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ مجھے ون ڈے یا ٹیسٹ ٹیم کا کپتان نہیں رکھنا چاہتے تو بھی فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہے۔

کوہلی نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب ہیں اور اس حوالے سے ان کے بارے میں جو بھی بات کی گئی ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ انہوں نے سیریز میں آرام کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا اور اب بھی ہوں ، یہ سوال مجھ سے نہیں بلکہ ان لوگوں یا ان کے ذرائع سے کرنا چاہیے جو میرے بارے میں یہ سب لکھ رہے ہیں کیونکہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو میں ٹیم کو دستیاب ہوں۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی معصوم بچی کو ’ریپ‘ کی دھمکی

بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ میرا بی سی سی آئی سے کوئی رابطہ ہی نہیں ہوا کہ میں ان سے کہتا کہ میں آرام کرنا چاہتا ہوں، اس سے قبل ماضی میں بھی کچھ اس طرح کی چیزیں سامنے آئی ہیں کہ میں کچھ پروگرام یا ایونٹس وغیرہ میں شرکت کرنا چاہتا ہوں جو بالکل درست نہیں تھیں، وہ لوگ جو میرے بارے میں لکھ رہے ہیں اور ان کے ذرائع کی میری نظر میں بالکل کوئی ساکھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جنوبی افریقہ میں بھارت کی ون ڈے ٹیم کے لیے دستیاب ہوں، یہ سوال مجھ سے نہیں بلکہ میرے بارے میں جھوٹ لکھنے والوں سے ہونا چاہیے کیونکہ میری بورڈ سے اس بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی کہ میں آرام کرنا چاہتا ہوں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 23 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز نے ان تمام واقعات پر مایوسی کا اظہار کیا لیکن ساتھ ساتھ یہ عزم بھی کیا کہ کوئی بھی چیز انہیں بھارت کی نمائندگی سے باز نہیں رکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس دورے کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین تیاری کی ہے اور کوئی بھی چیز مجھے بھارت کی نمائندگی سے دور نہیں رکھ سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: روہت شرما ٹی20 کے بعد بھارتی ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان مقرر

ان کا کہنا تھا کہ میدان سے باہر بہت سی چیزیں آئیڈیل یا ایسی نہیں ہوتیں جن کی ہم توقع کررہے ہوتے ہیں لیکن آپ ذاتی حیثیت میں زیادہ کچھ نہیں کر سکتے اور صرف وہی کر سکتے ہیں جو آپ کے کنٹرول میں ہوتی ہیں۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ میں ذہنی طور پر تیار اور جنوبی افریقہ جانے کے لیے بہت پرجوش ہوں اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024