• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سپریم کورٹ: گریڈ 8 سے 17 کے ملازمین کی مشروط بحالی کی تجویز

شائع December 15, 2021
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ حکومتی اقدامات میں شفافیت ہونی چاہیے—فائل فوٹو: سپریم کورٹ
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ حکومتی اقدامات میں شفافیت ہونی چاہیے—فائل فوٹو: سپریم کورٹ

برطرف ملازمین کے کیس میں حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ گریڈ 8 سے 17 تک کے ملازمین کے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے تحت ٹیسٹ لیے جائیں اور جو ٹیسٹ میں پاس ہوں انہیں مستقل کردیا جائے۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے حکومت کی جانب سے یہ تجویز سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر نظرِ ثانی درخواست کی سماعت کے دوران پیش کی جس سے 17 ہزار افراد اپنی نوکریوں سے محروم ہوگئے تھے.

جسٹس عمر بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے ملازمین کی برطرفی کے فیصلے کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل پر سماعت کی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ حکومتی اقدامات میں شفافیت ہونی چاہیے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ملازمین کی پیروی کرنے والے وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ عدالت قانون کالعدم قرار دیتے ہوئے بھی ملازمین کو تحفظ دے سکتی ہے، معلوم ہے عدالت مستقبل کے لیے کوئی غیرمناسب اصول وضع نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: 16 ہزار ملازمین کی برطرفی، حکم امتناع پربحالی کی درخواست مسترد

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کرپشن پر نکالے گئے ملازمین کو پارلیمنٹ کس طرح بحال کر سکتی ہے؟ بحالی کے قانون میں کرپشن پر نکالے گئے ملازمین کو تحفظ حاصل نہیں تھا۔

جسٹس قاضی امین نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کسی ملازم کو برطرف کرنے کا حکم نہیں دیا تھا، عدالت نے ماضی کے اصولوں پر چلتے ہوئے قانون کالعدم قرار دیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ جمہوری نظام میں قانون سازی پارلیمنٹ کے ذریعے ہوتی ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے جبکہ آرڈیننس کا دائرہ کار محدود ہوتا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ انتہائی ضروری حالات میں فوری ضرورت کے تحت ہی آرڈیننس آ سکتا ہے، مارشل لا دور کے علاوہ ہر آرڈیننس کے بعد ایکٹ آف پارلیمنٹ آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے تحت بحال ہونے والے ملازمین کو ایکٹ میں تحفظ نہیں دیا گیا، آرڈیننس کے تحت 2009 میں بحال ہونے والے اب تک کس طرح بحال رہ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پارلیمنٹ، عدالتی فیصلے کو ختم نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے حکومت عارضی قانون سازی کر سکتی ہے، آئین کے تحت قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا ہی اختیار ہے۔

وکیل پی ایس او نے کہا کہ سپریم کورٹ نے برطرف ملازمین سے ریکوری کا حکم بھی دیا ہے، ریکوری کے لیے ملازمین کی ریٹائرمنٹ مراعات روکی جا رہی ہے۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے ملازمین کی بحالی کے سلسلے میں مختلف تجاویز پیش کیں۔

تجاویز کے مطابق گریڈ 8 سے 17 تک کے ملازمین کے تین ماہ میں ٹیسٹ لیے جائیں اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کا ٹیسٹ پاس کرنے والے ملازمین کو مستقل کر دیا جائے۔

حکومت نے کہا کہ جو ملازمین بحال ہوتے ہی پینشن لے رہے تھے انہیں مزید پنشن نہیں دی جائے البتہ ملازمین کو جو رقم دی جا چکی وہ ریکور نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملازمین کی برطرفی کا معاملہ، قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن اراکین میں گرما گرم بحث

اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن تین ماہ میں ملازمین کے ٹیسٹ کا عمل مکمل کرے گا اور اس عمل کی تکمیل تک ملازمین کو ایڈہاک تصور کیا جائے گا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملازمین کی برطرف ملازمین (بحالی) آرڈیننس ایکٹ کو کالعدم قرار دینے سے 5 ہزار 947 ملازمین متاثر ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ برطرف ہونے والے ملازمین کا تعلق 38 مختلف وفاقی اداروں سے ہے، برطرف ہونے والوں میں3 ہزار 789 ملازمین سول سرونٹ نہیں کہلاتے۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کی تجاویز پر غور کریں گے، اس پہلو سے دیکھا جائے گا کہ تجاویز سے عدالتی فیصلہ متاثر تو نہیں ہوگا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ تجاویز پر غور کرکے کل اپنی رائے دیں گے۔

مزید پڑھیں:سپریم کورٹ نے برطرف ملازمین (بحالی ) آرڈیننس ایکٹ 2010 کو کالعدم قرار دے دیا

اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملازمین پریشان ہیں گریڈ 1 سے 7 کے لیے آج ہی حکم جاری کر دیں، جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب اتنی جلدی نہ کریں ہمیں غور کرنے دیں۔

بعدازاں عدالت نے برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو اپنی ریٹائرمنٹ کے روز سابق جسٹس مشیر عالم نے پیپلز پارٹی کے دور کے ’برطرف ملازمین (بحالی) آرڈیننس ایکٹ 2010 (سیرا)‘ کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے دیا تھا جس کے تحت بڑی تعداد میں لوگوں کو ملازمتیں اور ترقی ملی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024