رئیل می ’جی ٹو پرو‘ 20 دسمبر کو متعارف کرانے کا اعلان
چینی اسمارٹ موبائل فون بنانے والی کمپنی رئیل می میں اپنے نئے فون ’جی ٹو پرو‘ کو متعارف کرانے کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے 20 دسمبر تک پیش کردیا جائے گا۔
چینی کمپنی نے رواں ماہ کے آغاز میں فون کو 9 دسمبر کو پیش کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب کمپنی نے اسے رواں ماہ کے آخر تک پیش کرنے کی تصدیق کی ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اسکائے لی نے اپنی ٹوئٹ میں ’جی ٹو پرو‘ کو 20 دسمبر کو پیش کرنے کی تصدیق کی۔
’جی ٹو پرو‘ کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر سے لیس اس کمپنی کا پہلا فون ہے اور اس میں نیا فلیگ شپ پراسیسر ہوگا۔
رئیل می جی ٹی 2 پرو میں 6.8 انچ کی 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والی اسکرین کواڈ ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: رئیل می اپنا پہلا حقیقی فلیگ شپ فون 9 دسمبر کو پیش کرے گی
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 125 واٹ کی حیران کن فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔
جی ٹی 2 پرو میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہوگا جن میں سے 2 سنسرز 50 میگاپکسل والے ہوں گے جبکہ تیسرا 8 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔
فنگر پرنٹ اسکینر بھی ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ 12 جی بی تک ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن ہوں گے۔
اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج رئیل می یو آئی 3.0 سے کیا جائے گا اور یہ کمپنی کا اب تک مہنگا ترین فون بھی ہوگا۔
رئیل می ’جی ٹو پرو‘ کی قیمت 800 ڈالرز (ایک لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوسکتی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ابتدائی طور پر فون کو چین اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے ایک ہفتے بعد ہی اسے پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں پیش بھی کیا جائے گا۔