• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کرکٹ سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

شائع December 9, 2021
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا— اے ایف پی
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا— اے ایف پی

پاکستان کی سر زمین پر کرکٹ کا معرکہ سر کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی، اس دورے میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 او ڈی آئی میچز کھیلے جائیں گے۔

مہمان ٹیم کی کراچی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے، اس دوران کھلاڑیوں کو سخت حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل لایا گیا۔

مہمان ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر کورونا وائرس کی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

کورونا وائرس کی پابندیوں کے پیش نظر ویسٹ انڈیز ٹیم ایک دن قرنطینہ میں گزارنے کے بعد کل سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 4 نومبر کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورے کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دسمبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلنے دسمبر میں پاکستان پہنچے گی، یہ تمام میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا تھا کہ ستمبر، اکتوبر میں ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان مداحوں کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ کے مقابلہ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز کو مداحوں کی پسندیدہ ٹیم قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری بار اپریل 2018 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے پاکستان آئی تھی، جبکہ مہمان ٹیم نے آخری بار 2006 میں پاکستان کی سرزمین پرایک روزہ میچ کی سیریز کھیلی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم 13 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں دورے کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 14 دسمبر دوسرا جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، 4 سینئر کھلاڑی باہر

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے 18 دسمبر کو مد مقابل آئیں گی جبکہ 20 دسمبر دوسرا اور 22 کو تیسرا ایک روزہ میچ کھلیں گی۔

تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز ختم ہونے کے اگلے ہی روز مہمان ٹیم پاکستان سے رخصت ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے 2 دسمبر کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر شامل ہوں گے۔

تاہم ایک روزہ میچز میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، عبداللہ شفیق (ریزرو) شامل ہوں گے۔

چئیرمین پی سی بی امید ظاہر کی ہے کہ میچز سے لطف اندوز ہونے کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے ہی اجازت دیے جانے کا امکان بھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024